بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پشاور ٗڈینگی حملوں میں مزید شدت آگئی

پشاور ٗڈینگی حملوں میں مزید شدت آگئی

پشاور۔پشاور میں ڈینگی کے حملوں میں مزید تیزی آ گئی ہے ٗ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سابق کونسلر میونسپل کارپوریشن سمیت مزید 2افراد ڈینگی کا شکار بن کرجاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 36ہو گئی ہے ایک دن میں مزید 266افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بھی 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ڈینگی رسپانس یونٹ نے صرف شہید آباد نودیہہ پایان کے 55سالہ غلام فاروق ولد غلام نبی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملکنڈھیر کے رہائشی سابق کونسلر میونسپل کارپوریشن 80سالہ حاجی محمود جان خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج تھے جن میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی دلہ زاک روڈ فتو عبدالرحیمہ کے35 محمد سید ولد دوست محمد نجی ہسپتال آر ایم آئی میں زیر علاج تھے جو گزشتہ روز وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے ڈی آر یو نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 1542افراد کے خون کی ٹیسٹ کئے جن میں 266کے خون میں ڈینگی وائرس پایا گیا ۔

اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 290مریض زیر علاج ہیں ۔دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے ڈینگی کی موجودہ ہنگامی صورتحال کے باعث ویٹنگ لسٹ میں شامل 699میڈیکل آفیسرز کو فوری طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایک ہزار میڈیکل آفیسرز نے ایف سی پی ایس ٹو کی ٹریننگ کیلئے چھٹیاں مانگ لی ہیں محکمہ صحت کے مراسلے کے مطابق ڈینگی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 24گھنٹے ڈاکٹروں کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی فیصلے کے تحت میڈیکل افسروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈاکٹروں کی تعیناتی کی جا رہی ہے ۔