بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / کینیڈین دلہا نے فوٹو شوٹ چھوڑ کر ڈوبتے بچے کی جان بچالی

کینیڈین دلہا نے فوٹو شوٹ چھوڑ کر ڈوبتے بچے کی جان بچالی

اوتاوا: کینیڈا میں دلہے نے  شادی کی تصاویر بنواتے ہوئے بچے کو دریا میں ڈوبتے ہوئے دیکھا تو نئی نویلی دلہن کو چھوڑ کر بچے کی جان بچالی۔

خوش قسمتی ہے کہ ڈوبنے والا بچہ ہی تھا اگر اس کی عمر زیادہ ہوتی تو شاید میں اسے نہ بچا سکتا، دولہا کلیٹن کک  : فوٹو : سوشل میڈیا

غیرملکی خبررساں ادارے کے  مطابق کینیڈا کے شہر اونٹاریو کے کیمبرج میں ایک پارک کے پل پر شادی کے تصاویر بنوانے والے دولہا کلیٹن نے ایک بچے کی جان بچالی۔ کلیٹن کک اپنی دلہن برٹنی کک کے ہمراہ شادی کی تصاویر بنانے میں مشغول تھے کہ پل کے نیچے گزرتے دریا میں انہیں ایک بچہ ڈوبتا ہوا نظر آیا جو خود کو بچانے کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا کلیٹن نے اپنے نئے کپڑوں اور دلہن کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دریا میں چھلانگ لگادی اور بچے کو بحفاظت دریا سے باہر نکال کر لے آئے۔

کلیٹن کک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے بچے کا چہرہ نظر آیا جو خود کو بچانے کے لئے جدوجہد کررہا تھا اور میری خوش قسمتی ہے کہ وہ بچہ تھا اگر اس کی عمر زیادہ ہوتی تو شاید میں اسے نہ بچا سکتا تاہم اس لمحے بچے کی زندگی لوٹانا میری خوش نصیبی اور کامیابی تھی۔

کلیٹین کک کی شادی کی تصاویر بنانے والے فوٹو گرافر ڈیرن ہیٹ کا کہنا تھا کہ اتفاق کی بات ہے کہ جب میں نوبیاہتا جوڑے کی تصاویربنا رہا تھا اس وقت اس جوڑے کا منہ دریا کی جانب تھا اور انہوں نے ڈوبتے بچے کو دیکھ لیا اور دلہن برٹنی نے خوف کے مارے چیخیں ماری جس پر دولہا کلیٹن نے دریا میں چھلانگ دی اور میں اس منظر کو عکس بند کرتا رہا تاہم چند ہی لمحوں میں کلیٹن اور بچہ دریا سے باہر آچکے تھے۔