بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / گرلز کمیونٹی سکولوں میں ٹیلی تعلیم پراجیکٹ شروع کرنیکا فیصلہ

گرلز کمیونٹی سکولوں میں ٹیلی تعلیم پراجیکٹ شروع کرنیکا فیصلہ

پشاور۔ خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈ یشن کے تحت چلنے والے 14اضلاع کے 150گرلز کمیونٹی سکولوں میں ٹیلی تعلیم پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے جس کے تحت چوتھی اور پانچویں جماعتوں کی طالبات کو انگلش، میتھس اور سائنس کے مضامین خصوصی طور پر پڑھائے جائیں اور بتدریج اس کا دائرہ کارفاؤنڈیشن کے تما م سکولوں تک بڑھادیا جائے گا۔

انہوں نے یہ فیصلہ پشاور میں ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش ، فاؤنڈیشن کے نئے ایم ڈی ذوالفقار احمد،بورڈ کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ مذکورہ فاؤنڈیشن سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے شانہ بشانہ معیاری تعلیم عام کرنے میں اہم کردار ادا کررہاہے ۔

ہماری پوری کوشش ہے کہ اس کو مزید مضبوط ومستحکم کیا جائے ،اس کی کارکردگی بڑھانے کے لئے اس کا سٹرکچر مزید بہتر کریں اور اس کے لرننگ پروگراموں کو موثر بنائیں۔عاطف خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ نئے آئیڈیاز کے ساتھ آگے آئیں اور مضبوط مالی نظم و ضبط وضع کریں۔انہوں نے کمیونٹی سکولوں کی تعداد بڑھانے اور اقراء فروغ تعلیم ووچرز سکیم کو وسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے حکام سے کہاکہ وہ سکولوں سے باہر لاکھوں بچوں پراپنی توجہ مرکوز کریں اور اس کے لئے خصوصی لائحہ عمل بنائیں ۔