بریکنگ نیوز
Home / کھیل / آزادی کپ نے 3 روز میں پی ایس ایل سے زیادہ ناظرین کا ریکارڈ قائم کیا

آزادی کپ نے 3 روز میں پی ایس ایل سے زیادہ ناظرین کا ریکارڈ قائم کیا

کراچی: یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یوبی ایل) کی جانب سے آزادی کپ کی لائیو نشریات نے ناظرین کی شمولیت کے لحاظ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ریکارڈ بھی توڑدیئے۔

پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہر وقت عروج پر رہتا ہے ۔ حال ہی میں پاکستان میں آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر نہ صرف ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلے بلکہ اس موقع پر عوام نے زبردست جوش و خروش اور دلچسپی کا مظاہرہ بھی کیا۔

پاکستان میں ایک جانب تو آزادی کپ کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوئی تو دوسری جانب لاکھوں لوگوں نے اس کی اسٹریم ویڈیو دیکھی جو پاکستانی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ فوٹو: فائل

اس کامیابی نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھے اور یہ مقابلہ اس وقت مزید یادگار اور اہم ہوگیا جب پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ میں شاندار فتح سے ہمکنار ہوا اور قوم کو جشن منانے کا موقع ملا۔ پھر تمام اشتہاری کمپنیوں نے بھی اس موقع کو مزید کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ روایتی میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل براڈ کاسٹ میڈیا نے بھی آزادی کپ کی تشہیر میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈی آر ایم پر مبنی لائیواسٹریم  www.cricketgateway.pkپرشروع کی گئی جسے ’دی کانٹینٹ کمپنی‘ (بلز ایڈورٹائزنگ کے ایک ذیلی ادارے) نے اس سال کے آغاز میں لانچ کردیا تھا۔ اس ضمن میں آئی ٹی ڈبلیو اور ٹرانس میڈیا گروپ کا اشتراک بھی شامل تھا۔ آزادی کپ کے صرف تین دنوں میں www.cricketgateway.pk پر دس لاکھ سے زائد لوگوں نے وزٹ کیا اور اس مقابلے کو دیکھا ( جس میں 1800 سے زائد غیرقانونی لائیو اسٹریمنگ بند بھی کی گئیں)۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم میں ڈجیٹل لائیو اسٹریم کی کتنی طلب اور چاہ ہے۔ اس طرح کرکٹ کا میدان ایک جانب تو کھیل کے ہزاروں تماشائیوں سے بھرا تھا تو دوسری جانب لاکھوں افراد نے اپنے ٹی وی اور لائیو اسٹریم پر ان مقابلوں کو دیکھا۔

یہ لائیواسٹریم راک ویلی کے تعاون سے لانچ کی گئی جو ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی اور اس کے مرکزی لائیو اسٹریم پارٹنر میں الائیڈ بینک لمیٹڈ ( اے بی ایل) پیش پیش تھا۔ اس کے علاوہ دیگر تعاون کرنے والے اداروں میں ہائیر، ہواوے، لائف بوائے، صوفی، کورنیٹو اور کلیئر شامل تھے۔

پاکستان میں 22 فیصد آبادی (4 کروڑ 55 لاکھ افراد) انٹرنیٹ سہولیات رکھتی ہے جبکہ صرف تین دنوں میں آزادی کپ کو لائیواسٹریم پر دیکھنے والوں کی تعداد 1,203,119 سے زائد تھی جو پاکستان ڈجیٹل لائیواسٹریم دیکھنے والوں کا ایک ریکارڈ ہے۔ واضح رہے کہ یہ اعدادوشمار گزشتہ پی ایس ایل دیکھنے والوں کی روزانہ تعداد کے لحاظ سے زیادہ ہیں۔

اس موقع پر بلز ایڈورٹائزنگ کے سی ای او ، کاشف امین نے کہا ،’پاکستان کرکٹ سے عشق رکھنے والی قوم ہے یہ بین الاقوامی کرکٹ کی پر امن اور منظم میزبانی بھی کرنے کے قابل ہے۔ اب انٹرنیشنل کرکٹ یہاں برقرار اور قائم رہے گی۔ اگلے برسوں میں پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بلز ایڈورٹائزنگ، اس کے پارٹنر اور اسپانسر اپنا 100 فیصد تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔