بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / رشکئی اقتصادی زون دسمبر میں فعال ہو جائیگا

رشکئی اقتصادی زون دسمبر میں فعال ہو جائیگا

اسلام آباد ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع رشکئی اقتصادی زون دسمبر 2017ء میں فعال ہوجائے گا، رشکئی اقتصادی زون (ایم ون نوشہرہ ) کیلئے 2000ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

وزارت منصوبہ بندی میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ اقتصادی زون میں پھلوں اوراشیائے خوراک کی پیکجنگ، ٹیکسٹائیل سٹچنگ و نیٹنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کیلئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔ رشکئی اقتصادی زون کی علاقائی و جغراقیائی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس صنعتی بستی سے ائیرپورٹ کا فاصلہ 65کلومیٹر، ڈرائی پورٹ 65 کلومیٹر، ریلوے سٹیشن 25کلومیٹر، سٹی سینٹر15 کلومیٹر، ہائی وے 5کلومیٹر اورموٹروے بالکل متصل ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صنعتی انقلاب برپا ہوگا‘ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے۔