بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

اسلام آباد۔پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 39 ہزار کا اضافہ کے بعد یہ تعداد 1 لاکھ 32 ہزار تک جاپہنچی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کا قومی سروے مکمل ہوگیا ہے جس کی حتمی رپورٹ آئندہ ہفتے جاری کردی جائیگی۔ ملک بھر میں سروے کرنے والی 60 ٹیموں نے 20 شہروں میں 5 ہزار مقامات سے اعداد و شمار حاصل کئے جس کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ ایک سال کے قلیل عرصے میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں 39 ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے اور اس طرح اب پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

سروے کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے جو 60 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر سندھ میں یہ تعداد 52 ہزار ہے اور خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 11 ہزار کے قریب گئی ہے جبکہ بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 3 ہزارریکارڈ کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 6 ہزار بتائی گئی ہے۔

سروے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایڈز کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد انجکشن کے ذریعے نشہ لینے والوں کی ہے جبکہ جنسی بے راہ روی کے شکار افراد بھی اس موذی بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔