بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تعلیم کا فروغ پی ٹی آئی کا میگا پراجیکٹ ہے ٗ محمد عاطف

تعلیم کا فروغ پی ٹی آئی کا میگا پراجیکٹ ہے ٗ محمد عاطف

پشاور۔صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تعلیم کی ترقی پی ٹی آئی کی حکومت کا میگا پراجیکٹ ہے جس کے بغیر ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ بھی تعلیمی بورڈز کی ذمہ داری ہے جس پر ماضی میں کسی حکومت نے توجہ نہیں دی ،مردان تعلیمی بورڈ کی جانب سے کثیر المقاصد سپورٹس کمپلیکس کا قیام صوبے میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وہ مردان تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام زیر تعمیر سپورٹس کمپلکس کے تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پر بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پر بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شوکت حیات، ڈائریکٹر ورکس کامران تاج اورضلع کونسل کے رکن شیر بہادر کے علاوہ پارٹی رہنما حامد زمان اور طارق آریانی بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبے میں اپنی نوعیت کے اس پہلے سپورٹس کمپلیکس میں جمنازیم ہال ، باسکٹ بال ، ٹینس، بیڈ منٹن ،ٹیبل ٹینس اور والی بال کورٹس کے علاوہ فٹنس جم ، اتھلیٹکس ،ہاکی ،فٹبال اور کرکٹ گراؤنڈز تعمیر کیے جارہے ہیں جو تکمیل کے قریب ہیں اور جلد ہی اس کا افتتاح ہوگا ۔

صوبائی وزیر نے حکام پر زور دیا کہ 35 کروڑ روپے لاگت کے اس عظیم منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ نہ صرف مردان بلکہ صوبے کے دیگر اضلاع کے طلباء وطالبات بھی اس سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں بھی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کی منظوری دیدی گئی ہے اور دیگر تعلیمی بورڈز بھی اس پر کام کررہے ہیں جس سے کھیلوں کے شعبے میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔