بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سوات میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا، ایک جاں بحق

سوات میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا، ایک جاں بحق

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گاؤں کی دفاعی کمیٹی (وی ڈی سی) کے رکن احمد زیب کے اہل خانہ کو مالم جبہ کے علاقے گھات میں نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں وی ڈی سی رکن کے والد جاں بحق جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شر پسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی۔

یاد رہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے آپریشن کے آغاز سے قبل سوات تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں کے زیر انتظام خیبرپختونخوا اور فاٹا کے متعدد علاقوں میں سے ایک تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے میں شرپسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا۔

جس کے بعد سوات میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔