بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / گوشوارے نہ جمع کرنیوالے اراکین کی رکنیت معطلی کا امکان

گوشوارے نہ جمع کرنیوالے اراکین کی رکنیت معطلی کا امکان

لاہور۔ الیکشن کمیشن نے مالی گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کردیا،گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف‘ پرویز خٹک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا‘ ثنااللہ زہری وزیراعلیٰ بلوچستان بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز کو وارننگ جاری کردی ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے مالی گوشوارے جمع کرانے والوں کے نام جاری کردیے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ناموں میں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سرفہرست ہیں، انکے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف وزیرخارجہ خواجہ آصف، وفاقی وزیر پانی وبجلی عابد شیر علی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیرمملکت طلال چودھری، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر،تہمینہ دولتانہ، وفاقی وزیر دانیال عزیز،طارق فضل چودھری،اعجازالحق اور اویس لغاری نے بھی اپنے مالی گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائے ہیں۔

حکومت کے کاموں پر سب سے زیادہ تنقید کرنے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی الیکشن کمیشن کو بروقت گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی لسٹ میں شامل ہیں، پیپلز پارٹی کے سینٹر اعتزاز احسن اور مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا بھی گوشواروں کی تفصیل جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں،الیکشن کمیشن نے ان تمام پارلیمنٹرینز کو 15 اکتوبر تک کی مہلت دی ہے ،ورنہ انکی رکنیت تو معطل ہوگی ہی ، نام بھی پبلش کیے جائیں گے اور تمام مراعات بھی روک دی جائیں گی۔