بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبرپختونخوا ٗ سنگین جرائم میں ملوث دہشتگردوں کو پھانسی

خیبرپختونخوا ٗ سنگین جرائم میں ملوث دہشتگردوں کو پھانسی

راولپنڈی۔ پشاور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے پر فائرنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث 3 خطرناک دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا کی ایک جیل میں پھانسی دے دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پھانسی پانے والوں میں ساجد، بہرام شیر اور فضل غفار شامل ہیں، جنہیں فوجی عدالتوں کی جانب سے سزا سنائی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد پی آئی اے طیارے پر فائرنگ، معصوم شہریوں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پھانسی پانے والا دہشت گرد ساجد ولد ابراہیم کالعدم تنظیم کا رکن تھا جو پشاورایئرپورٹ پر طیارے پرفائرنگ میں ملوث تھا، طیارے پرحملے میں خاتون جاں بحق اور2 مسافر زخمی ہوئے تھے جب کہ ساجد نے پیر اصرار اور اسکے خاندان کے 8 افراد سمیت نیازگل اوراے ایس آئی ساجد خا ن کوبھی قتل کیا تھا۔آئی ایس پی آرکے مطابق فضل غفار ولد شہزادہ نے فورسز پر حملے کرکے چار جوانوں کو شہید کیا تھا، دہشتگرد فضل غفارسے خود کش جیکٹ برآمد ہوئی تھی جب کہ دہشت گرد بہرام شیر ولد خیران گرلز پرائمری اسکول اور فورسز پر حملوں ،سپاہی کی شہادت میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گرد ساجد کے ڈیتھ وارنٹ پر 7 نومبر 2016 ، دہشت گرد بہرام کے ڈیتھ وارنٹ پر 14 جولائی 2016 اور دہشت گرد فضل غفار کے ڈیتھ وارنٹ پر 15 مارچ 2016 کو دستخط کیے۔یاد رہے کہ جون 2014 میں پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی ایک پرواز پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔فائرنگ کے واقعے سے متاثر ہونے والے طیارے پی کے 756 میں تقریباً 196 مسافر سوار تھے اور فائرنگ لینڈنگ کے وقت کی گئی تھی۔