بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / لبنان کی طاقتور ترین خاتون سعودی خواتین بارے ٹوئٹ پر برطرف

لبنان کی طاقتور ترین خاتون سعودی خواتین بارے ٹوئٹ پر برطرف

بیروت۔سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے سے متعلق شاہی فرمان کے حوالے سے متنازعہ ٹوئٹ کو لائیک کرنے پر لبنان کی طاقتور ترین خاتون میجر سوزان الحاج کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔ لبنان کے محکمہ انسداد سائبر کرائم اور تحفظ املاک دانش کی سربراہ میجر سوزان الحاج کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت سے متعلق متنازعہ ٹوئٹ کو لائیک کرنا مہنگا پڑ گیا اور انہیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔

لبنان کی انٹرنل سکیورٹی فورسز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عماد عثمان نے سوزان الحاج کی جگہ میجر البرٹ خورے کو عہدہ سونپ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوزان پرسعودی شاہی خاندان کے حوالے سے ہتک آمیز بیان کو لائیک کرنے کا الزام تھا اور اسی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔ خود سوزان الحاج کا کہنا ہے کہ انہوں نے 29 ستمبر کو ٹوئٹر پر ڈائریکٹر شربل خلیل کی اس پوسٹ کو لائیک کیا تھا۔

جس میں انہوں نے سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے شاہی فرمان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دیر بعد انہوں نے اس پوسٹ کو ان لائیک کردیا تھا تاہم اسی دوران ایک ٹوئٹر صارف زیاد ایثانی نے ان کا ٹوئٹ دوبارہ شیئر کردیا اور پھر لوگوں نے ان پر تنقید شروع کردی۔ سوزان الحاج کا کہنا ہے کہ انہوں نے زیاد ایثانی کے خلاف تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کے سعودی عرب سے مستحکم تعلقات کو نقصان پہنچا ہے۔