بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / روزمرہ استعمال کی 8 چیزیں جو آئی فون سے بھی مہنگی ہیں

روزمرہ استعمال کی 8 چیزیں جو آئی فون سے بھی مہنگی ہیں

وہ تمام لوگ جو سوچتے ہیں کہ آئی فون کی قیمت بہت زیادہ ہے اور اسے خریدنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ان کی غلط فہمی یہ جان کر دور ہوجائے گی کہ دنیا میں عام استعمال کی جانے والی چیزوں کی قیمت آئی فون کی قیمت سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔

پانی کی بوتل: 

دنیا میں کوئی بھی  چیز بنا پیسوں کے نہیں ملتی سوائے پانی کے، پانی انسانی ضروریات کا لازمی جز ہے جس کے بغیر زندگی ممکن نہیں اور قدرت نے ہمیں یہ نعمت وافر مقدار میں دی ہے۔ پانی تو مفت مل جاتا ہے لیکن پانی کی بوتل کے پیسے اداکرنے پڑتے ہیں لیکن یہ بھی زیادہ مہنگی نہیں ہوتی اور بہت کم قیمت میں ہر جگہ بآسانی دستیاب ہوجاتی ہے۔ تاہم دنیا میں پانی کی ایک ایسی بوتل بھی ہے جس نے قیمت میں آئی فون کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے، کیلیفورنیا کی کمپنی بیورلی ہلز نے بھارت میں  پانی پینے کی نئی بوتلیں 90H20 کے نام سےمتعارف کروائی ہیں جن میں شمالی کیلیفورنیا میں موجود 5000 فٹ کی بلندی پر موجود پہاڑ سے لایا گیا پانی محفوظ ہے، بیورلی ہلز کی ایک بوتل کی قیمت 65 لاکھ روپے ہے۔

چائے :

چائے وہ مشروب ہے جو دنیا بھر میں بلا مذہب، رنگ و نسل استعمال کیا جاتا ہے اور پاکستانی قوم تو اس کی دیوانی ہے، سستی ہونے کے باعث چائے ہرکسی کی قوت خرید میں ہوتی ہے لیکن دنیا میں ایک ایسی چائے بھی موجود ہے جو آئی فون اور سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔ ’’ڈاہونگ پاؤ‘‘نامی یہ چائے دنیا کی سب سے مہنگی چائے ہے جس کےایک گرام کی قیمت 90،000 روپے ہے ۔

ہیروں سے مزین فون: 

اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ایپل دنیا کی وہ واحد کمپنی ہے جو دنیا میں سب سے مہنگے فون تیار کرتی ہے تو آپ بالکل غلط ہیں۔ ’’ورچو سگنیچر کوبرا‘‘نامی ہیروں سے مزین اس فون کی قیمت 2.3 کروڑ روپے ہے۔

زعفران: 

زعفران  اپنی خوشبو میں یکتا ہے۔ اس مصالحے کے 0.45 کلوگرام کی قیمت 3 لاکھ 23 ہزارنوسو 75 روپے ہے، یہ مصالحہ ایک مخصوص پھول سے حاصل کیا جاتا ہے جو کشمیر میں پایا جاتا ہے جب کہ اس کی مختلف اقسام اسپین، اٹلی، روم اور ایران میں بھی پائی جاتی ہیں، یہ مصالحہ کھانا، دوائی اور میک اپ کا سامان بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔

سونے کا پیزا:

پیزا کسے پسند نہیں، تاہم سونے سے سجا دنیا کا سب سے مہنگا پیزا امریکا میں تیار کیا جاتا ہے جس کی قیمت ایک لاکھ 74 ہزار 678 روپے ہے، غیر معمولی قیمت کے باعث اس پیزا کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ہیڈ فون :

آج کل ہرانسان اپنے کانوں میں ہیڈ فون لگائے ہوئے نظر آتا ہے، یہ باآسانی ہر جگہ نہایت کم قیمت میں دستیاب ہوتے ہیں تاہم ’’کاسا گی ائیربڈز‘‘ نامی ہیڈفون کوئی عام ہیڈ فون نہیں ہیں بلکہ ان میں ننھے ننھے 59 ہیرے جڑے ہیں جب کہ ان کی تیاری میں 18 قیراط سونا استعمال کیا گیا ہے اور ان کی قمیت 3 لاکھ 39 ہزار 976روپے ہے، کیا آپ اتنے مہنگے ہیڈ فون خریدنا چاہیں گے۔

 صابن :

صابن روزمرہ استعمال کی جانے والی نہایت عام سی چیز ہے لیکن سونے اور ہیرے کے پاوڈر سے تیار کئے گئے قطر کے اس خاص صابن کی قیمت ایک لاکھ 81 ہزار 175 روپے ہے۔

ٹوتھ برش: 

تقریباً ڈھائی لاکھ روپے کے اس ٹوتھ برش میں اینٹی بیکٹریل تہہ لگائی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ اتنا مہنگا ہے۔