بریکنگ نیوز
Home / کھیل / کرکٹ میں نئی تاریخ: مردوں کے میچ میں خاتون امپائر کا تقرر

کرکٹ میں نئی تاریخ: مردوں کے میچ میں خاتون امپائر کا تقرر

کرکٹ میں ایک نئی تاریخ کا آغاز ہونے جارہا ہے اور آسٹریلیا میں اتوار کے روز ہونے والے مردوں کے میچ میں ایک خاتون فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گی۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ کلیری پولوسیک نامی خاتون امپائر آسٹریلین ڈومیسٹک کرکٹ میں نیو ساؤتھ ویلز اور آسٹریلیا الیون کے درمیان ہونے والے میچ میں فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے جس کے بعد وہ مردوں کے میچ میں امپائر بننے والی پہلی خاتون بن جائیں گی۔

کلیری کے مطابق وہ بچپن سے ہی کرکٹ سے لگاؤ رکھتی ہیں لیکن اس کے لیے وہ باقاعدہ کسی ٹیم میں شامل نہیں ہوپائیں۔

کلیری اپنی اسکول کی ٹیم میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

کلیری کا کہنا ہےکہ انہیں امید ہے وہ ایک دن آئی سی سی کے ٹیسٹ میچ کے ایلیٹ امپائرنگ پینل میں شامل ہوں گی۔

کلیری کے مطابق اس طرح کا موقع ملنا انتہائی شاندار ہے، وہ کرکٹ اور خاص طور پر مردوں کی کرکٹ میں پوری طرح شامل ہونا چاہتی تھیں اور اب اس تجربے کے بعد وہ اپنے لیے نئی راہیں کھلتی دیکھ رہی ہیں۔

کلیری کا کہنا تھا وہ اس ذمہ داری پر تھوڑی پریشان ضرور ہیں مگر آپ جب پریشان نہیں ہوتے تو اس کا مطلب آپ کو کوئی پرواہ نہیں۔

خاتون امپائر کے مطابق انہوں نے کبھی کرکٹ نہیں کھیلی مگر دیگر لوگوں کی طرح انہیں بھی کرکٹ میں دلچسپی تھی، اس لیے ہمیشہ کرکٹ کو دیکھا جس کے بعد ان کے والدین نے انہیں امپائرنگ کورس کرنے کا مشورہ دیا۔

کلیری نے کہا انہیں امید ہے کہ اس طرح کے مواقع سے امپائرنگ کے شعبے میں موجود دیگر خواتین امپائرز کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کرنا ان کا ہمیشہ سے خواب رہا ہے۔