بریکنگ نیوز
Home / شوبز / بنگلہ دیش کی ملکہ حسن ہو گئی تاج سے محروم

بنگلہ دیش کی ملکہ حسن ہو گئی تاج سے محروم

لندن۔بنگلہ دیش کی ملکہ حسن انتل نعیم ایورل سے مس ورلڈ بنگلہ دیش کا تاج واپس لے لیا گیا ہے۔ انتل نعیم پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا۔ تاج واپس لینے کا فیصلے کا اعلان ڈھاکہ میں کیا گیا۔معلومات کو چھپانے کے الزام پر انتل نعیم نے بی بی سی کی بنگالی سروس کو بتایا کہ ‘اس فیصلے سے اْن کی شکست نہیں ہوئی بلکہ یہ بنگلہ دیش کے قوانین کی شکست ہے۔

شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انتل نعیم نے کہا کہ ‘اگر ایک 16 سالہ لڑکی کو شادی کے لیے مجبور کیا جائے تو اسے شادی نہیں کہا جا سکتا۔ اگر کسی کی ایس ایس سی (دسویں جماعت) کا امتحان ختم ہونے کے ایک ماہ کے اندر شادی کر دی جاتی ہے تو اْس کی عمر ہی کیا ہوتی ہے؟’ انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی عمر کے بارے میں دستاویزی ثبوت پیش کر سکتی ہیں۔بنگلہ دیش کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتل کی شادی مارچ 2013 میں ہوئی تھی لیکن یہ شادی دو ماہ جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی تھی۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ’مس ورلڈ بنگلہ دیش میں کسی ایسی خاتون کو نمائندگی کا موقع نہیں دیا جاسکتا جس نے غلط معلومات فراہم کی ہیں۔’مس ورلڈ مقابلے کے قواعد کے تحت صرف غیر شادی شدہ افراد اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ پانچ روز قبل 27 سالہ انتل نعیم نے ‘مس ورلڈ بنگلہ دیش’ مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں کامیاب ہو کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔