بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ورکرزویلفیئربورڈ کے برطرف ملازمین بحال

ورکرزویلفیئربورڈ کے برطرف ملازمین بحال

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس وقاراحمدسیٹھ کی سربراہی میں قائم دورکنی بنچ نے خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے ورکرزویلفیئربورڈ کے صوبہ بھر کے مختلف سکولوں میں تعینات120ملازمین کی برطرفی کے احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے ان ملازمین کی بحالی کے احکامات جاری کردئیے ہیں اورصوبائی حکومت کو ان ملازمین کی فی الفوربحالی کی ہدایت کردی ہے ۔

عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے پیرحمیداللہ شاہ ٗ زرتاج انور ٗ خالدرحمان ٗ بابرخان یوسفزئی ایڈوکیٹس کی وساطت سے دائر120ملازمین کی 84 رٹ درخواستوں کی سماعت کی اس موقع پر عدالت کو بتایاگیاکہ درخواست گذاروں میں پرنسپل سے لے کردرجہ چہارم تک کے ملازمین شامل ہیں جنہیں مختلف اوقات میں محکمہ ورکرزویلفیئربورڈ نے بھرتی کیاتھا اوران ملازمین کی بھرتی قانونی ضابطوں کے مطابق ہوئی تھی تاہم مختلف اوقات میں موجودہ صوبائی حکومت نے ان ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا اوربعض ملازمین کو کہاکہ آپ کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں جبکہ بعض کو نااہل قرار دیا گیا جبکہ بعض اداروں کی بندش پرانہیں برطرف کیاگیا اور بعض ملازمین کو اداروں کی بندش کابہانہ بناکرفارغ کردیاگیاتھا ۔

وکلاء صفائی نے عدالت کو بتایاکہ ان ملازمین کی برطرفی سے قبل کسی قسم کانوٹس نہیں دیاگیا نہ ہی انہیں صفائی کاموقع دیاگیاجبکہ ضابطے کی کارروائی بھی نہیں کی گئی اوران ملازمین کی برطرفی غیرقانونی طورپرکی گئی ہے لہذاان کی برطرفی کے احکامات کالعدم قراردیتے ہوئے ملازمت پربحال کیاجائے فاضل بنچ نے دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پرملازمین کو ملازمت پربحال کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے برطرفی کے احکامات کالعدم قرار دے دئیے ۔