بریکنگ نیوز
Home / شوبز / ’فاسٹ اینڈ فیورس نائن‘ 2020 میں ریلیز ہوگی

’فاسٹ اینڈ فیورس نائن‘ 2020 میں ریلیز ہوگی

ہولی وڈ ایکشن سیریز فلم ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ کی فرنچائز نے اپنی آنے والی فلم کی نمائش میں ایک سال کی تاخیر کرتے ہوئے اسے 2020 میں جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

یونیورسل پکچرز کے بینر تلے بننے والی ’فاسٹ اینڈ فیورس 9‘ کو اپریل 2019 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب اس کی نمائش میں ایک سال کی تاخیر کردی گئی ہے۔

ورائٹی نے اپنی خبر میں بتایا کہ یونیورسل اسٹوڈیو نے ’فاسٹ اینڈ فیورس 9‘ کی نمائش میں تاخیر کی وجہ نہیں بتائی۔

یونیورسل پکچر نے نہ صرف ’فاسٹ اینڈ فیورس 9‘ بلکہ اپنی آنے والی اینیمیٹڈ فلم ’ٹرول 2‘ کی نمائش میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے اسے بھی 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

اینیمیٹڈ فلم’ٹرول 2‘ کو ویلن ٹائن ڈے یعنی 14 فروری 2020، جب کہ ’فاسٹ اینڈ فیورس 9‘ کو ایسٹر ڈے یعنی 20 اپریل 2020 کو ریلیز کیا جائے گا۔

’ٹرول 2‘ 2016 میں یونیورسل پکچر کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم ’ٹرول‘ کا سیکوئل ہے، جس میں اینا کینڈرچ اور جسٹن ٹمبرلیک مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

پروڈیوسر گینا شے کی اس فلم کی ہدایات والٹ ڈوہرن ہی دیں گے۔

خیال رہے کہ ’ٹرول‘ نے دنیا بھر سے 34 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

’فاسٹ اینڈ فیورس‘ سیریز کی آخری فلم 2017 میں آئی تھی، اب اس کی نویں فلم 2020 میں ریلیز کی جائے گی۔

اس سیریز کی پہلی فلم 2001 میں بنائی گئی تھی، دوسری 2003، تیسری 2006، چوتھی، 2009، پانچویں 2011، چھٹی 2013، ساتویں 2015 اور آٹھویں 2017 میں ریلیز ہوئی۔

اس سیریز کی فلموں کی کہانی ذیادہ تر غیر قانونی ریسنگ اور نقب زنی سمیت دیگر ایسے ہی مسائل پر مبنی ہے، تاہم فلموں کو مزید ایکشن اور جاندار بنانے کے لیے اس میں اضافی کہانیاں اور کردار بھی شامل کیے جاتے ہیں۔

فاسٹ اینڈ فیورس 8 نے دنیا بھر سے 1 ارب 20 کروڑڈالر بٹورے تھے۔