بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / مولانا طارق جمیل کی لکی مروت اجتماع میں شرکت

مولانا طارق جمیل کی لکی مروت اجتماع میں شرکت

لکی مروت ۔لکی مروت میں تین روزہ تبلیغی اجتماع میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہیں ‘ دوسرے روز بھی قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ‘ جبکہ ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل بھی اجتماع پہنچ گئے ‘ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ‘ منجی والا لنک روڈ پر پہاڑ خیل تھل کے نزدیک وسیع و عریض اراضی پر قائم پنڈال میں گزشتہ روز اجتماع نماز عصر کے بعد دینی مبلغین بخت منیر اور حبیب الحق کی روح پر ورتقاریر سے شروع ہوا ‘ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اشرف المخلوقات پیدا کیا ہے انہیں اپنے آپ کو دین کی خدمت اور تبلیغ کے لئے وقف کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنی اصلاح کریں اور غیر مسلموں کو دائرہ اسلام میں لانے کے لئے دین کی تبلیغ عام کریں اللہ تعالیٰ کا ہم پر انعام ہے کہ ہم مسلمان پیدا ہوئے ہیں اور ہم سے دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا عظیم اور نیک کام لیا جارہا ہے تین روزہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے روزنماز فجر کے بعد مبلغین اسلام ضیاء الحق، حشمت خان اور ڈاکٹر خوشدل خان، نماز ظہر کے بعدشاہد اور حبیب الحق، نماز عصر کے بعد چوہدری رفیق اور نماز مغرب کے بعد مولانا طارق جمیل نے خطاب کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد بختیار خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے لکی شہر میں سڑکوں کو عارضی تجاوزات سے پاک کردیا تبلیغی اجتماع کے انعقاد کے پیش نظر ضلع بھر میں بالعموم اور لکی سٹی میں بالخصوص سڑکوں پر گاڑیوں کا رش انتہائی زیادہ ہے۔

ٹریفک جام اور گاڑیوں کے اژدہام کے سبب سڑکوں کی ممکن بندش روکنے کے لئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرعبدالصمد خان خٹک اور مقامی تحصیلداروں کی نگرانی میں ٹیمیں گذشتہ دو دن سے مصروف ہیں‘تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے ملک بھر سے لاکھوں لوگ لکی مروت آئے ہیں بیشتر افراد جمعہ کے روز شہر امڈ آئے جس سے بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض مقامی حریص تاجروں نے کھانے پینے کی چیزوں کے خود ساختہ نرخ مقرر کردیئے تاہم اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر محمد بختیار خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالصمد خان خٹک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور گرانفروش تاجروں کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کردیئے ۔