بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ارجنٹائن کے فٹبال ورلڈ کپ 2018 سے اخراج کا خدشہ

ارجنٹائن کے فٹبال ورلڈ کپ 2018 سے اخراج کا خدشہ

بیونس آئرس: پیرو کے خلاف میچ ڈرا ہونے کے بعد ارجنٹائن کے فٹبال ورلڈ کپ 2018 سے اخراج کا خدشہ ہے، کوالیفائنگ راؤنڈ میں ڈرا میچ کے سبب 2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن میسی الیون کو 48 سال بعد میگا ایونٹ میں شرکت سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ارجنٹائن کی ٹیم آخری بار 1970 کے میگا ایونٹ سے آﺅٹ ہوئی تھی ۔ فوٹو: فائل

بیونس آئرس میں کھیلے جانے والے میچ میں ارجنٹائن کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن کامیابی نہ مل سکی، دوسرے ہاف میں لیونل میسی کی ایک ہٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئی۔ جنوبی امریکہ کے کوالیفائنگ راﺅنڈ کی ٹاپ 4 ٹیمیں ہی روس میں شیڈول ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کر سکیں گی، ارجنٹائنی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے اور میگا ایونٹ تک براہ راست رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھنے اور پانچویں پوزیشن پانے کیلیے ایکواڈور کے خلاف آخری میچ میں لازمی فتح درکار ہو گی جو پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہے۔

ماضی میں ایکواڈور اور ارجنٹائن کے مابین 3 کوالیفائنگ میچز ڈرا ہو چکے ہیں اور ایکواڈور کے دارالحکومت کیوٹو کے سطح سمندر سے 29 سو میٹر بلند ہونے کی وجہ سے مہمان ٹیم کی کارکردگی خراب رہی ہے۔ ارجنٹائن کی ٹیم اگر کامیاب ہو گئی تو اسے نیوزی لینڈ کے خلاف دو پلے آف میچز میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔ ارجنٹائنی کوچ جورگ سمپاؤلی نے کہا کہ موجودہ صورتحال ناسازگار ہے تاہم امیدہے کہ بھرپور محنت کرتے ہوئے میگا ایونٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم آخری بار 1970 کے میگا ایونٹ سے آﺅٹ ہوئی تھی۔