بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / سوڈان پر20سال سے عائد اقتصادی پابندیاں ختم

سوڈان پر20سال سے عائد اقتصادی پابندیاں ختم

واشنگٹن/خرطوم۔سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بعد امریکا نے افریقی عرب ملک سوڈان پر 20 سال سے عائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔سابق امریکی صدر براک اوباما نے سوڈان پر عائد پابندیاں جزوی طور پر اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ وائیٹ ہاؤس سے نکلنے سے قبل وہ اپنے فیصلے میں کامیاب رہے تھے اور خرطوم پر عاید کی گئی بعض پابندیاں اٹھا دی تھیں تاہم اس کے باوجود سوڈان ’دہشت گردی کے سرپرست‘ قرار دیے جانے والے ممالک کی فہرست میں شامل رہا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت نے خرطوم پر عاید کی گئی اقتصادی پابندیاں ختم کردیں تاہم سوڈان کو اسلحہ کی فراہمی پر عاید کی گئی پابندیاں برقرار رہیں گی۔دوسری جانب سوڈان نے امریکی اقدام کو اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ خرطوم کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔رواں سال جنوری میں سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا سوڈان پر عاید پابندیاں اٹھانے کے لیے مساعی کا شکریہ ادا کیا تھا۔

خادم الحرمین الشریفین نے سوڈانی صدر ٹیلیفون پر خرطوم پر عاید کی گئی امریکی پابندیوں کے خاتمے پر مبارک باد پیش کی تھی۔ادھر سوڈان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ سوڈان کی قیادت، حکومت اور عوام سب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرے ہیں جس میں سوڈان پر عاید کردہ پابندیاں حتمی طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔