بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کارخانو مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی ٗ کروڑوں کا نقصان

کارخانو مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی ٗ کروڑوں کا نقصان

پشاور۔غیر ملکی سامان کیلئے شہرت رکھنے والا صنعتی مرکز کارخانو میں واقع ملک تاج مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 40 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا ٗ پرفیومز ٗ الیکٹرانکس اور دیگر سامان چند ہی لمحوں میں راکھ کا ڈھیر بن گیا آگ کے شعلوں سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔

دھویں کے باعث دم گھٹنے اور آتشزدگی سے بچے سمیت5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ریسکیو اور دیگر امدادی اداروں نے 3 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیاترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق ہفتہ کے روزکارخانو ملک تاج مارکیٹ میں بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی مارکیٹ میں موجود پرفیومز ٗ آتش بازی کی دکانوں میں موجود سامان کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہو ا آگ لگنے کے بعد قریبی مارکیٹوں کے تاجروں نے دکانیں خالی کرنا شروع کر دیں جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ملک تاج مارکیٹ میں واقع40سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا دوسری جانب ریسکیو 1122 نے 3 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا لیا ریسکیو کی جانب سے آپریشن میں 8 فائر ویکلز ، 45 فائر فائٹرز اور 2 واٹر براوزر جس میں 40 ہزار لیٹر پانی موجود ہو تا ہے نے حصہ لیا جبکہ دھواں ختم کرنے کیلئے سموک این جیکٹرز بھی استعمال کئے گئے دھویں کے باعث دم گھٹنے اور جھلس جانے سے بچے سمیت5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی مارکیٹ میں پرفیومز، سامان آتش بازی، کپڑے،بجلی کے آلات اوردیگردکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔