بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت میں آئینگے ٗ پرویز خٹک

کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت میں آئینگے ٗ پرویز خٹک

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صوبے اور ملک میں ناقابل تردید حقیقت بن چکی ہے ۔ سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کے دیرینہ کارکنوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت ،کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ ،صوبے میں اداروں کی فعالیت اور خدمات کی فراہمی کاقابل عمل نظام دینا ایسے حقائق ہیں جن سے پارٹی کے گراف میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔عوام کا جو ق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہونا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی غریب عوام دوستی کا ثبوت ہے ۔

دیگر سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کے دیرینہ کارکن صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر اپنی پارٹیوں کو خیرآ باد کہہ رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کی کرپشن ثابت ہوچکی ہے۔ نااہل وزیر اعظم کو پارٹی صدر بنانا انتہائی افسوس ناک بات ہے ۔ عوام کی لوٹی گئی ایک ایک پائی عمران خان کی قیادت میں واپس لاکر ملک کے غریب عوام پر خرچ کریں گے۔ اے این پی ، پی پی پی اور دیگر سیاسی پارٹیاں اتحاد بنا کر بھی پی ٹی آئی کوشکست نہیں دے سکتیں۔

تحریک انصاف 2018 کے انتخابات میں خدمت کے بل بوتے پر نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ضلعی سیکرٹری جنرل سلیم مجاہد، مسلم لیگ ن پی کے سولہ کے سابق امیدوار محمد طاہر یوسفزئی، محمد زاہد یوسفزئی ، ایم ایس ایف کے سابق ضلعی صدر اسد بمعہ جملہ کابینہ ودرجنوں طلباء، پشاور کے محمد فیضان خان، ویلج ناظم خویشگی بالاحشمت علی، میاں مرجان علی سابق ناظم، سابق ضلعی سینر نائب حیات ماما، ایم ایس ایف کے سابق ضلعی صدر اسد خان بمعہ کابینہ، ندیم ، کمال انور رسالپور، ولی رحمن،کونسلر فضل ودود، قاضی وقار احمد کونسلر صدر پیر سباق بمعہ کابینہ، خورہ آباد سے حاجی امیر زادہ بمعہ خاندان، اول خان بمعہ خاندان، ماشم صدر خورہ آباد ، سرتاج خان بمعہ خاندان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کو پی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائی اوران کاپارٹی میں خیر مقدم کیا ‘وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ سلیم مجاہد نے ہمیشہ اپنی پارٹی کے لیے جدوجہد کی۔مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان کی خدمات کو ان کی پارٹی نے بھلا دیا ہے۔

میرے منصوبوں پر افتتاحی تختیاں لگا کر امیر مقام پی کے سولہ سمیت نوشہرہ کے دیگر علاقوں کے لیے سوئی گیس فراہمی کے سبز باغ د کھا کر نوشہرہ کے عوام کو گمراہ کررہے تھے یہ اچھا ہو اکہ عوام کو بہت جلد حقائق معلوم ہوگئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے بجلی گیس کے لیے اربوں روپے فنڈ فراہم کئے این اے پانچ میں ڈاکٹرعمران خٹک اور صوبائی حکومت نے 370 کلو میٹر طویل سوئی گیس منظور کرائی جس کے لیے فنڈ بھی صوبائی حکومت نے فراہم کیے۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف اور امیر مقام صرف اعلانات تک محدودر ہے۔ امیر مقام شانگلہ کے عوام کی خدمت نہیں کرسکتے وہ نوشہرہ کے عوام کی کیاخدمت کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ مجھ پر کوئی کرپشن اور کمیشن ثابت کردے میں سیاست چھوڑ دوں گا انھوں نے کہا کہ این اے4 میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ کیونکہ کے پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر عوام سے ووٹ لیا تھااور اپنے منشور پر من وعن عمل کررہی ہے۔