بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ’نواز شریف پاکستانی قوم کو اخلاقی پستی کی جانب لے جارہے ہیں‘

’نواز شریف پاکستانی قوم کو اخلاقی پستی کی جانب لے جارہے ہیں‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی حکومت پاکستان کو اخلاقی پستی کی جانب لے جارہی ہے۔

بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قومیں جنگوں اور بمباری سے تباہ نہیں ہوتیں بلکہ اخلاقیات کی پستی سے تباہ ہوجاتی ہیں۔

چیئر مین تحریک انصاف کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی کرپشن بچانے کے لیے پاک فوج اور عدلیہ سمیت ملک کے تمام بڑے اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے قوم کا پیسہ چوری کیا اور پھر انہیں اور ان کے خاندان کو بچانے کے لیے ملک کے اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکلنا پڑے گا‘۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’ شاہد خاقان عباسی ایک کٹ پتلی وزیر اعظم ہیں جبکہ ایک نااہل شخص کو اپنا وزیراعظم کہ رہے ہیں جو باعثِ شرم ہے‘۔

انتخابی اصلاحات بل 2017 کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ملک میں ایک ایسا قانون پاس کیا گیا ہے کہ جس کی مدد سے جھوٹ بولنے والا یا چوری کرنے والا کسی بھی سیاسی جماعت کا سربراہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے جلسے کے شرکاء سے سوال کیا کہ ’کیا سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کروانے والا فرد کسی سیاسی جماعت کا سربراہ بن سکتا ہے‘؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرے گی اور اپنی حکومت کے ابتدائی چار سالوں کے دوران ہی پاکستان کی نصف غربت ختم کر دے گی۔