بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج (پیرکو) ہوگی ،سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر پیش ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی،دو اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دور ان سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر سابق وزیر اعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز ، حسین نواز اور کیپٹن ریٹائر محمد صفدر کیخلاف عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جبکہ گزشتہ سماعت کے دوران ہی مریم نواز کے وکیل کی جانب سے اپنی موکلہ کی آئندہ سماعت میں پیشی کی یقین دہانی کرانے کے بعد عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائر صفدر آج عدالت میں پیش ہونگے جبکہ حسین نواز اور حسن نواز اپنے والدہ کے پاس لندن میں ہی رہیں گے۔ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا نام ایون فیلڈ ایونیو میں موجود فلیٹس سے متعلقہ ریفرنس میں شامل ہے۔عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ریفرنسز کی کاپی فراہم کرنے کے بعد فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی جائے گی۔