بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ملک بھر میں 8اکتوبر2005کے ہولناک زلزلے کی بارہویں برسی منائی گئی

ملک بھر میں 8اکتوبر2005کے ہولناک زلزلے کی بارہویں برسی منائی گئی

اسلام آباد/ مظفر آباد/ مانسہرہ /پشاور۔آزاد کشمیر میں 8اکتوبر 2005کو آنے والے ہولناک زلزلے میں شہید ہونے والوں کی اتوارکو بارہویں برسی منائی گئی۔ زلزلے کی بارویں برسی کے موقع پر مساجد میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، قران خوانی ہوئی ،شہدا ء کی یاد میں سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، تقریب میں اعلی عسکری اور سول حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ 12 سال قبل قیامت خیز زلزلہ نے آزاد کشمیر،اسلام آباد اور ہزارہ ڈویژن میں تباہی مچادی تھی۔

،جس میں تقریباً ایک لاکھ افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ، جبکہ لاکھوں افراد کو بے گھر ہوگئے تھے، 12 سال قبل قیامت خیز زلزلہ میں بالاکوٹ کا 95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا تھا اور اتنا عرصہ ہونے کے باوجود نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ زلزلے سے ہونے والی تباہی کی شدت کا اندازہ صرف اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے باسی تاحال اپنے گھروں میں صحیح طریقے سے رہنے کے قابل نہیں ہوئے جبکہ سیکڑوں سکول، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوردیگر سرکاری عمارتیں آج بھی تعمیرکی منتظرہیں۔

آزادکشمیرمیں مجموعی طورپر2800کے قریب سرکاری تعلیمی ادارے تباہ ہوئے جبکہ تعمیرنو کے 7835منصوبوں میں سے 2442منصوبے تکمیل کے منتظرہیں۔مظفرآباد کی مختلف مساجد میں شہدائے 8 اکتوبر کے لئے دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں،؂ خورشید حسن خورشید اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، شہدا کی یاد میں سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔