بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وفاق المدارس کا ختم نبوت کے حوالے سے متنازعہ ترامیم واپس لینے کا خیر مقدم

وفاق المدارس کا ختم نبوت کے حوالے سے متنازعہ ترامیم واپس لینے کا خیر مقدم

لاہور۔جامعہ اشرفیہ لاہور میں وفاق المدارس کے مجلس عموعی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں ممبران نے شرکت کی۔ طویل غوروحوض کے بعد مولانا ڈاکٹر عبدالرازق اسکند ر کو آئندہ پانچ سال کے لیے متفقہ طور پر صدر منتخب کرلیا گیا جنہوں نے فوری طور پر مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی کو اپنا نائب صدر نامز د کیا۔ا س دوران ملک بھر سے آنے والے ممبران نے مدارس کو درپیش مسائل اور وفاق المدارس کے کارکردگی پر اظہار خیال کیا جبکہ حکومت اور انتظامی اداروں کی جا نب سے مدارس کو بلاوجہ تنگ کرنے ،چھاپے مارنے اورپرامن جید علما کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس میں دینی مدارس کی حریت وآزادی کوہر قیمت پر برقرارر کھنے کے دیرینہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ۔وفاق المدارس کے صوبائی میڈیا ترجمان مفتی سراج الحسن کے مطابق گزشتہ روز اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کو درپیش مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اتحاد تنظیمات مدارس کا ہنگا می اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں آئندہ کالائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وفاق المدارس کے اجلاس میں ختم نبوت اور قادیانیت کے حوالے سے متنازعہ ترامیم کی قومی اسمبلی کی جانب سے واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کی برطرفی کا مطالبہ کیا اور سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دے۔

اس موقع پر وفاق المدارس کے سابق صدر شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کے درجات بلندی کے لیے دعابھی کی گئی اور وفاق المدارس کے لیے ان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق ، سنیٹر مولا نا عطاء الرحمن، مولانا مفتی رفیع عثمانی ، ناظم اعلی وفاق مولاناقاری حنیف جالندھری ، وفاق لمدارس کے مرکزی نائب صدر مولانا انوار الحق وفاق المدارس صوبہ خیبر پختونخوا کے ناظم مولانا حسین احمد، مولانا سعید یوسف ، مولاناڈاکٹرعادل خان، مولانا فضل الرحیم اشرفی، صوبہ سندھ کے ناظم وفاق مفتی امداد اللہ ، صوبہ پنچاب کے ناظم وفاق قاضی عبدالرشید،صوبہ بلوچستان کے ناظم وفاق مولانا صلاح الدین ،پیر عزیزا لرحمن ہزاروی ،جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم، مولانا زبیر احمد صدیقی اور دیگر جید علماء نے خطاب کیا۔