بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / احتساب عدالت کا کیپٹن (ر) صفدر کو رہا کرنے کا حکم

احتساب عدالت کا کیپٹن (ر) صفدر کو رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد :  احتساب عدالت اسلام آباد نے برطرف وزیراعظم نواز شریف کے داماد کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا

احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جہاں ان کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت جاری ہے، احتساب عدالت میں پیش ہونے کے بعد مریم نواز کو نیب ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی گئیں اور50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا۔

سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ 2 ملزمان غائب ہیں جب کہ نوازشریف بھی نہیں آئے جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے نواز شریف حاضر نہ ہو سکے کیونکہ ان کی اہلیہ علیل ہیں،نواز شریف کی لندن روانگی کے بعد میڈیکل رپورٹ سامنے آئی لہذا 15 روز کی مہلت دی جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم غائب ہے لہذا ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، سی پی آر سی سیکشن 92کے تحت نواز شریف کے وارنٹ جاری کئے جائیں جب کہ نواز شریف عدالت کو بتائے بغیر لندن گئے۔

اس موقع پر نیب حکام کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کے لیے سکیورٹی کلیئرنس کروائی جا رہی ہے، کیپٹن صفدر کو 10 بجے عدالت میں پیش کریں گے جس پر عدالت نے کیپٹن صفدر کا میڈیکل چیک اپ بھی کروانے کا حکم دیا۔

نواز شریف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور کلثوم نوازکی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی  گئی جب کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مریم نواز کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروا دیے۔

مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کے پیش نظراحاطہ عدالت میں ایف سی کے ایک ہزاراہلکار تعینات کیے گئے ہیں، احاطہ عدالت میں  لیگی رہنماؤں سمیت تمام افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے تاہم وفاقی وزرا کو اندر جانے کی اجازت ہے۔ رینجرز کی گاڑی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود ہے تاہم اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس کے باہرموجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر لندن سے براستہ دوحہ اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے تھے جہاں ائیرپورٹ کے راول لاؤنج سے باہر نکلتے ہی عدالتی حکم کے مطابق کیپٹن صفدر کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور اسلام آباد کے علاقے میلوڈی میں واقع نیب کے سیل منتقل کردیا گیا تھا۔