بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / امریکہ اور ترکی کے مابین ویزہ سروس بند

امریکہ اور ترکی کے مابین ویزہ سروس بند

واشنگٹن۔ امریکا نے ترکی میں اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں سے ویزوں کا اجرا معطل کر دیا جس کے جواب میں ترکی نے بھی امریکہ کے لئے ویزہ سروس معطل کردی ہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ترک حکومت کا بیان عین وہی ہے جو اس سے پہلے امریکہ نے جاری کیا تھا، صرف ملک کا نام بدل دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبررساں دارے کے مطابق ترکی میں موجود امریکی سفارتی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس کے ایک ملازم کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

انقرہ میں امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا کہ ترکی میں پیش آنے والے حالیہ واقعے نے امریکی سفارتی عملے کے تحفظ کے حوالے سے ترکی کے عزائم پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور امریکا اس کا از سر نو جائزہ لے رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران ترکی میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں میں لوگوں کی آمد کو محدود کرنے کے لیے فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ویزا سروسز معطل کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترک حکام نے استنبول سے امریکی قونصل خانے کے ایک ملازم کو امریکا میں خودساختہ جلاوطنی کاٹنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلقات کے شبہہ میں حراست میں لے لیا تھا۔ امریکا نے اس گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے ترکی کے اس الزام کو بے بنیاد اور تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔ترک میڈیا کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص ترک شہری ہے جسے جاسوسی اور آئین کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر حراست میں لیا گیا۔ ترکی جولائی 2016 میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا الزام فتح اللہ گولن پر لگاتا ہے اور امریکا سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ گولن کو ترکی کے حوالے کرے تاہم امریکا اس مطالبے کو ماننے سے انکاری ہے۔