بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / کیلیفورنیا میں آتشزدگی سے 1500 گھر جل کر خاکستر

کیلیفورنیا میں آتشزدگی سے 1500 گھر جل کر خاکستر

کیلیفورنیا۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کے وائن ریجن کے بعض حصوں میں تیزی سے پھیلتی ہوئی آگ کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور متعدد لا پتہ ہو گئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے سات افراد سنوما کاؤنٹی میں ہلاک ہوئے جبکہ تقریباً 1500 عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں اور بڑے پیمانے پر لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔جنگل میں لگنے والی اس شدید آگ کے نتیجے میں ناپا، سنوما اور یوبا کاؤنٹیز سے تقریباً 20 ہزار افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

کیلیفورنیا کے گورنر نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق: ’یہ آگ کئی عمارتوں کو تباہ کر چکی ہے اور اس سے مزید مکانات کو خطرہ ہے، جس کے باعث لوگوں کی نقل مکانی ضروری ہے‘۔سنوما کاؤنٹی کے علاوہ ناپا میں دو اور مینڈوسینو میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ دیگر لاپتہ ہیں۔تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اتوار کی رات کو لگنے والی اس آگ کی وجہ کیا تھی۔

ناپا کاؤنٹی کے فائر چیف نے خبردار کیا ہے کہ آگ بجھانے اور امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث دیگر علاقوں سے بھی مدد کی ضرورت ہے۔اطلاعات کے مطابق وائن بنانے والے درجنوں کارکنوں کو رات میں ہی محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا تھا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ہماری ترجیح آگ بجھانا نہیں بلکہ انسانی جانیں بچانا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے مقامی آبادی کو انخلا کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور اب تک تقریباً 20 ہزار افراد علاقہ چھوڑ کر جاچکے ہیں۔