بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ڈبلیو ایس ایس پی اور میونسپل ملازمین میں مذاکرات کامیاب

ڈبلیو ایس ایس پی اور میونسپل ملازمین میں مذاکرات کامیاب

پشاور۔ضلعی انتظامیہ کی مداخلت پر ڈبلیو ایس ایس پی کی انتظامیہ اور ملازمین ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا‘ گزشتہ روز ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین ایسو سی ایشن کی اپنی انتظامیہ کے ساتھ الاؤنس اور دیگر ایشوز پر اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے اور ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کر تے ہوئے پشاور میں صفائی کا کام روک دیا تھا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور ثاقب رضا اسلم نے ڈبلیو ایس ایس پی کی ملازمین ایسوسی ایشن کے وفد اور افسران کو اپنے دفتر طلب کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیاض شیر پا ؤ ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی انجینئرخانزیب خان، جنرل منیجر انجینئر علی الرحمان، جنرل منیجر ایڈمن کرنل ریٹائرڈحسن، زونل منیجرانجینئر فخر عالم سمیت دیگر افسران جبکہ ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین ایسو سی ایشن کی جانب سے چےئر مین ملک نوید اعوان، ریاض خان ٗجنرل سیکریٹری عابد سہیل ، وائس چےئر مین بلال خان ٗ ہنر خان سیلاب اور شکیل ہاشم خان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں چےئر مین ملک نوید نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسا ئل کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔

انھوں نے اورر ٹائم، سوشل سیکیورٹی فنڈ ، ای اوبی ائی کارڈ، انکریمنٹ اور دیگر مسائل کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو انجینئر خانزیب نے ایسوسی ایشن کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اور کہا کہ ای او بی ائی کارڈ پر زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد ملازمین کو ای او بی آئی کارڈ دے دیے جا ئیں گے۔جبکہ انھوں نے ملازمین کو اور ٹا ئم دینے کی بھی یقین دہانی کر وائی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے ڈبلیو ایس ایس پی کے افسران پر زور دیا کہ وہ ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں انھوں نے ملازمین پر بھی زور دیا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں۔