بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ریپڈ بس منصوبہ کے افتتاح کی تاریخ کا اعلان

ریپڈ بس منصوبہ کے افتتاح کی تاریخ کا اعلان

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ اس مہینے کی19 تاریخ کو پشاور میں ریپڈ بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ منصوبے کاسنگ بنیاد قبل ازیں 20اکتوبر کو رکھنا طے ہوا تھا تاہم اب اسے ایک دن پہلے کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے کے مختلف تعمیراتی پیکجز کے لئے پہلے سے طے شدہ ٹائم لائن پر عمل کرنے اورمطلوبہ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ذمہ داران پر واضح کیا کہ یہ منصوبہ ہر حال میں چھ ماہ کی مدت میں مکمل ہونا چاہئے۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ریپڈ بس پراجیکٹ کے اجراء اور انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر، رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی، انتظامی سیکرٹریوں ،کمشنر پشاور ، ڈی جی پی ڈی اے اور متعلقہ تعمیراتی فرموں کے نمائندوں اور ٹھیکیداروں نے بطور خاص شرکت کی۔اجلاس میں منصوبے پر آغاز کے پیش نظر ٹریفک کے متبادل انتظامات، متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں سمیت تمام اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے پر عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے اور بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے ایک دوسرے اجلاس کی صدارت کی جس میں بس ریپڈ ٹرانزٹ کے روٹ تک رسائی کیلئے مختلف مقامات، سات فیڈنگ روٹس کی اپ گریڈیشن، تعمیراتی کام کے مکمل انتظامات اور بسوں کی خریداری کے علاوہ دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں رپیڈ بس ٹرانزٹ کے مین کوریڈور میں داخلہ کے لئے ٹریفک پلان کا فیصلہ کیا گیا ۔

اس موقع پر کارخانو مارکیٹ میں ایلیویٹڈ سٹیشن کے قیام کا بھی فیصلہ ہوا اور منصوبے کیلئے مالی ،تکنیکی اور انتظامی پیکجز طے کئے گئے وزیر اعلیٰ نے فیڈنگ روڈز کو اپ گریڈ کرنے اور منصوبے کے تحت مستقبل میں توسیعی ربط پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ پورے پشاور ریجن کو منصوبے کے مین کوریڈور سے منسلک کیا جا سکے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہی پشاور میں ٹریفک کے جملہ مسائل کا جامع اور مربوط حل ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ پشاور میں آنے اور پشاور سے باہر جانے والی ٹریفک کو مربوط کرنے کے لئے ایک وژن رکھتے تھے جس کو بس ریپڈ ٹرانزٹ کے ذریعے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔انہوں نے منصوبے کے متاثرین کی بحالی کے لئے اضافی اراضی کے حصول اور پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی وزیر اعلیٰ نے یوٹیلیٹیز کی منتقلی کے کام میں تاخیر پر ایف ڈبلیو او کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پی ڈی اے کیلئے اپنا فیول سٹوریج قائم کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اجلاس کو بتایا گیا کہ اپریل کے آخر تک بسوں کی ترسیل مکمل کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ پہلے سے طے شدہ خریداری کے شیڈول کے مطابق بسوں کی سپلائی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے منصوبے کے افتتاح کیلئے چمکنی سمیت مجموعی طور پرمختلف آٹھ سائٹس کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی۔

جہا ں مشیر برائے ٹرانسپورٹ اور دیگر اراکین اسمبلی علیحدہ علیحدہ منصوبے کی تعمیر کا افتتاح کریں گے۔قبل ازیں منصوبے سے متعلق پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے مالی اور آپریشنل دونوں ڈیزائن ہر حوالے سے مکمل ہونے چاہیں۔منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ فرمز اور محکموں کے درمیان رابطہ یقینی بنایا جائے ۔