بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کرم ایجنسی سے بازیاب غیر ملکی خاندان کینیڈا روانہ

کرم ایجنسی سے بازیاب غیر ملکی خاندان کینیڈا روانہ

کرم ایجنسی سے بازیاب کرائے گئے کینیڈین خاندان کو برطانیہ کے راستے کینیڈا روانہ کردیا گیا ہے۔

کینیڈین شہری جوشوا بوائل، اس کی اہلیہ کیتلان کولمین اور ان کے دونوں بچوں کو گزشتہ روز پاک فوج نے دہشت گردوں سے مقابلے کے بعد بازیاب کرایا تھا۔

تاہم اب انہیں پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 سے برطانیہ کے راستے کینیڈا روانہ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل کینیڈین شہری اور اس کے اہلخانہ کو امریکی کمانڈوز کے حوالے کیا گیا تو انہوں نے امریکی فوجی طیارے میں بیٹھنے سے انکار کردیا تھا۔

جوشوال بوائل کا کہنا تھا کہ وہ امریکی فوجیوں کے ساتھ جانے کے بجائے اسلام آباد میں کینیڈین حکام سے ملنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ کینیڈین شہری جوشوا بوائل نے اہلیہ کیتلان کولمین سے پہلے 2009 میں زینب خضر نامی خاتون سے شادی کی تھی۔

جوشوا کی پہلی بیوی کا خاندان القاعدہ سے مبینہ تعلق پر کینیڈا میں پہلی دہشت گرد فیملی کے نام سے جانا جاتا ہے اور اسی وجہ سے انہیں خدشہ ہے کہ امریکا جانے پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کے آپریشن میں امریکی خاتون سمیت 5 افراد کی بازیابی پر اسے پاک امریکا تعلقات میں مثبت لمحہ قرار دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی تعاون سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ خطے میں سیکیورٹی کے لیے امریکی خواہشات کو تسلیم کرتا ہے۔

ادھر بازیاب ہونے والے جوشوا بوائل کے والدین نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ہمارے خاندان کو بحفاظت رہائی دلوانے پر پاک فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔