بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان امریکہ کیساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا،دفتر خارجہ

پاکستان امریکہ کیساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا،دفتر خارجہ

اسلام آباد۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا،دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خلاف سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے،بھارت افغان سرزمین کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کا موجب بن رہا ہے جو خطے میں استحکام کے لئے خطرناک ہے، اگر انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں ممکن ہیں، امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک فوج نے آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا جنہیں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔

افغانستان کی صورتحال کے باعث خطے میں مخصوص حالات ہیں۔جمعہ کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھاکہ ان دنوں امریکا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر ہے اور وفد کی وزیرخارجہ و سیکرٹری خارجہ پاکستان سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں، ملاقاتوں میں امریکی وفد کو آپریشن رد الفساد، ضرب عضب اور خیبرفور کی کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی 7 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور گزشتہ چند روز میں بھی 7 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا گیا، وادی میں بڑے پیمانے پر گمنام قبروں کا انکشاف بھی بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی کو روکنے میں کردار ادا کرے امید ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

نفیس زکریا نے مزید کہاکہ افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کے لئے ہر قسم کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہمارا ایجنڈا مشترکہ دشمن کو ختم کرنا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارت، افغان سرزمین کے استعمال سے پاکستان میں دہشت گردی کا موجب ہے جب کہ چار ملکی گروپ اور قلب ایشیا کانفرنس سمیت پاکستان نے ہر فورم کی حمایت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں کا معاملہ بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے جبکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مایوس کن ہے، یورپی یونین انسانی حقوق کی علمبردار ہے اور بھارتی مظالم پر اس کی خاموشی تشویشناک ہے۔

ترجمان نفیسزکریا نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا جلد ازجلد حل خطے میں دیرپا امن کے لئے اہم ہے، اقوام متحدہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات لگاتا ہے، بھارت کی منفی پروپیگنڈہ مہم کا تعلق کسی اور ملک سے نہیں پاکستان سے ہے، بھارتی الزامات کا مقصد کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے۔