بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پہلا ون ڈے: پاکستان کا سری لنکا کو 293 رنز کا ہدف

پہلا ون ڈے: پاکستان کا سری لنکا کو 293 رنز کا ہدف

دبئی: بابر اعظم کی سنچری اور شعیب ملک کے جارحانہ 81 رنز کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں جیت کے لیے 293 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن احمد شہزاد چوتھے اوور میں ہی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد تیسرے نمبر پر بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور فخر زمان کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 16 اوورز میں مجموعی اسکور کو 75 رنز تک پہنچایا لیکن فخرزمان 45 گیندوں پر 43 رنز بنانے کے بعد گاماگے کی گوگلی گیند کو نہ سمجھ سکے اور بولڈ ہو گئے۔

فخر زمان کے جانے کے بعد چوتھے نمبر پر محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر 49 رنز کی شراکت قائم کی۔ حفیظ 28 اوور کی آخری گیند پر 32 بنانے کے بعد وندرسے کی گیند پر پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے پانچویں نمبر پر آنے والے شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کی اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنائے۔ شعیب ملک بد قسمتی سے سنچری اسکور نہ کر سکے اور 60 گیندوں پر 81 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جو صرف ایک رنز بنا سکے۔

سرفراز کے آؤٹ ہونے کے تین گیندوں بعد بابر اعظم بھی 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کے ایک روزہ ٹیم کے کپتان اپل تھرنگا نے 17 ایک روزہ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی ہے جس میں صرف 4 میں ہی کامیابی مل سکی  جب کہ  11 میں ناکامی اور 2 میچز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

دوسری جانب پاکستانی کپتان سرفراز احمد 9 میچوں میں سے صرف 2 میں ناکام ہوئے جبکہ 7 میں انہوں نے کامیابی کا جشن منایا جن میں چیمپئنز ٹرافی کا اہم معرکہ بھی شامل ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اعداد و شمار پر بھی نظر ڈالی جائے تو یہاں بھی گرین شرٹس آگے ہیں۔

دونوں ٹیمیں 148 میچوں میں آمنے سامنے آئیں جن میں 85 میں جیت پاکستان کو ملی جبکہ 58 میچوں میں سری لنکا نے پاکستان کو چت کیا اور 1 میچ برابر ہوا جبکہ 4 کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

میچوں کے علاوہ سیریز کے اعتبار سے بھی پاکستان سری لنکا پر حاوی رہا ہے جہاں 18 سیریز میں سے گرین شرٹس صرف 6 ہارے جبکہ گیارہ میں پاکستان کو کامیابی ملی اور ایک سیریز ڈرا ہوئی۔

مہمان سری لنکا نے حال ہی میں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو 0-2 سے شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد (کپتان، کیپر)، عماد وسیم، رومان رئیس، شاداب خان، حسن علی اور جنید خان۔