بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ایشیا کپ: پاکستان اور جاپان کا میچ 2-2 گولز سے برابر

ایشیا کپ: پاکستان اور جاپان کا میچ 2-2 گولز سے برابر

ڈھاکا: دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور قومی ٹیم اور جاپان کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 2-2 گولز سے برابر رہا۔

بنگلہ دیش میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ میں گروپ اے میں موجود پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے مدمقابل تھی جہاں میچ کے پہلے کوقارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

دوسرے کوارٹر کے آغاز کے ساتھ ہی میچ کے 16ویں منٹ میں پاکستان کے ارسلان قادر نے گول کر کے ٹیم کو 1-0 گول کی برتری دلائی لیکن جاپان نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کی اور میچ کے 22 ویں اور 29ویں منٹس میں گولز کر کے 2-1 سے برتری حاصل کر لی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے اختتام سے دس منٹ قبل پاکستان کے عمر بھٹہ نے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا اور میچ کے اختتام تک یہ اسکور برابر رہا۔

پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے میچ برابر ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی اور اس سے بہتر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، ہماری فارورڈ لائن بھی بہتر کھیل پیش نہ کر سکی جبکہ ٹیم ورک کی بھی کمی نظر آئی۔

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو روایتی حریف اور فیورٹ بھارت کے خلاف کھیلے گی۔