بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / مردان میں مچئی ہائیڈرو پاور سٹیشن کا افتتاح

مردان میں مچئی ہائیڈرو پاور سٹیشن کا افتتاح

پشاور ۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع مردان میں 2.6میگا واٹ مچئی ہائیڈرو پاور سٹیشن (پن بجلی گھر) کا افتتاح کر دیا ہے جس سے باقاعدہ طور پر بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے جس سے نیشنل گریڈ میں تقریباً14گیگا واٹ (GwH)بجلی شامل کی جارہی ہے۔مچئی ہائیڈرو پاور سٹیشن کا افتتاح سیکرٹری محکمہ توانائی انجینئر نعیم خان نے کیا،منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں ضلع مردان کے گاؤں الاؤ میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے علاوہ منصوبے پر کام کرنے والی جرمن اور پاکستانی کمپنی کے حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری توانائی انجینئر نعیم خان نے کہا کہ مچئی ہائیڈرو پاور سٹیشن توانائی کاایک منفرد منصوبہ ہے جو ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا ۔

چونکہ ہمارا صوبہ پانی کے ذخائر سے مالا مال ہے جہاں ہم ان قدرتی وسائل سے 30ہزار میگا واٹ سے زائد پن بجلی پیدا کر سکتے ہیں جو کہ توانائی کی پیداوار کا سستا ترین ذریعہ ہے۔ہمارے صوبے میں بہنے والے دریا اور نہریں ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ۔مچئی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ضلع مردان میں نہری نظام مچئی کنال پر ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طورپر شروع کیا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد سرمایہ کاری کا فروغ تھا تاکہ نجی شعبہ اس منصوبے کو ایک ماڈل کے طور پر دیکھ کر صوبے میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔

توانائی کے شعبے میں اب ہماری کامیابیوں کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ آئندہ چند دنوں میں سترہ میگا واٹ رانولیا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور36.6میگا واٹ درال خوڑہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیاجا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے صوبے کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والے ٹھیکیدار کمپنی ،کنسلٹنٹ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت ٹیم کے دیگر ارکان کو مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ مچئی منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور یہاں روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔