بریکنگ نیوز
Home / شوبز / شاہ رخ اور سلمان سے ٹکر نہیں لے رہا، اجے دیو گن

شاہ رخ اور سلمان سے ٹکر نہیں لے رہا، اجے دیو گن

ویسے تو ان دنوں بولی وڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیو گن اپنی آنے والی کامیڈی فلم ’گول مال اگین‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

تاہم ان کی فلم کی ریلیز سے پہلے یہ چہ مگوئیاں زوروں پر ہیں کہ وہ ایک بار پھر بولی وڈ کے خانز سے ٹکر لینے کو تیار ہیں۔

یہ چہ مگوئیاں ان کی فلم ’گول مال اگین‘ کی وجہ سے کی جا رہی ہیں، کیوں کہ رواں برس شاہ رخ خان اور سلمان خان کی ریلیز ہونے والی فلمیں باکس آفس پر ناکام رہیں۔

سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ اور شاہ رخ خان کی ’جب ہیری میٹ سیجل‘ ایسی فلاپ ہوئیں کہ بولی وڈ خانز کو فلم پروڈیوسرز کو جیپ سے پیسے ادا کرنے پڑے۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اجے دیو گن کی رواں ماہ 20 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’گول مال اگین‘ سیریز کی پہلی تین فلموں کی طرح ہٹ جائے گی۔

تاہم اس بار اجے دیوگن کی اس فلم کا مقابلہ شاہ رخ اور سلمان نہیں بلکہ عامر خان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ سے ہوگا، کیوں کہ وہ بھی اسی دن ہی ریلیز ہوگی۔

ڈی این اے کے مطابق بھارتی فلم سینسر بورڈ نے عامر خان اور اجے دیوگن کی فلموں کو نمائش کے لیے یو اے سرٹیفکیٹ جاری کردیے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ یہ فلمیں عام عوام کے لیے ریلیز کی جائیں گی۔

ادھر فلم کی تشہیر کے دوران اجے دیو گن نے نو بھارت ٹائمز ڈاٹ کام سے گفتگو کے دوران سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ بولی وڈ خانز سے ٹکر نہیں لے رہے۔

اجے دیوگن نے وضاحت کی کہ فلم انڈسٹری بھی ایک گھر اور خاندان کی طرح ہے، اور سب اداکار اہل خانہ کی طرح رہتے ہیں، انہوں نے کبھی بھی شاہ رخ اور سلمان خان سے ٹکر کا نہیں سوچا۔

سنگھم ہیرو کا کہنا تھا کہ ایک سال میں صرف 52 ہفتے ہوتے ہیں، مگر سال بھر میں بولی وڈ کی 200 فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، جس وجہ سے کئی فلموں کا ایک دوسرے سے ٹکر ہوتا ہے، اس لیے کوئی کسی کو یہ نہیں کہ سکتا کہ وہ کسی اور کی فلم کے لیے اپنی فلم کی نمائش مؤخر کردے۔

علاوہ ازیں اجے دیوگن ‘گول مال اگین‘ کی ٹیم کے ساتھ اکشے کمار کے ٹی وی ریلٹی شو ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ میں بھی شریک ہوئے۔ خیال رہے کہ ’گول مال اگین‘ کی مرکزی کاسٹ میں پرینیتی چوپڑا اور تبو پہلی بار اس سیریز کی فلم میں نظر آئیں گی۔

گول مال کی 2 فلموں میں کرینہ کپور نظر آئیں تھیں، جب کہ پہلی فلم میں رمی سین سمیت سشمیتا مکھرجی بھی نظر آئیں تھی۔