بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں پہلے ٹیلی میڈیسن سنٹر کا افتتاح

خیبر پختونخوا میں پہلے ٹیلی میڈیسن سنٹر کا افتتاح


مانسہرہ کے دوردراز علاقے بحالی میں صوبے کے پہلے آن لائن ٹریٹمنٹ سنٹر (ٹیلی میڈیسن سنٹر) نے کام شروع کردیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان تراکئی نے پیر کے روزمذکورہ سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے محکمہ صحت نے صوبے کے پہلے آن لائن علاج کے منصوبے (ای ۔علاج) کے تحت اس ٹیلی میڈیسن سنٹر کاقیام عمل میں لایا ہے۔ یہ منصوبہ بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاگیاہے جسے بعد ازاں صوبے کے دیگر دورافتادہ علاقوں کے طبی مراکز تک وسعت دی جائے گی۔

مذکورہ منصوبہ صوبائی حکومت کی ای گورننس پر وگرام کا حصہ ہے۔ افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں سینئر صوبائی وزیر شہرام خان تراکئی نے اس سنٹر کے قیام کو صحت کے شعبے میں جدت اوردور افتادہ علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی ان کے گھر کی دہلیز پر یقینی بنانے کی طرف اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای ۔علاج منصوبہ موجودہ صوبائی حکومت کے ای گورننس پروگرام کا حصہ ہے جس سے نہ صرف دورافتاد ہ علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہونگی بلکہ صوبے میں طبی خدمات کے معیار کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹر بحالی کے قیام سے علاقے کی تقریباً تیس ہزار آبادی کو علاج معالجے کی آن لائن سہولیات ان کے گھرکی دہلیز پر فراہم ہونگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ہم دورافتادہ علاقوں کے ان مریضوں کی جانیں بچا سکتے ہیں جو طویل مسافت کی وجہ سے بروقت ہسپتال نہیں پہنچ سکتے۔

اس موقع پر ای ۔علاج اورٹیلی میڈیسن سنٹر کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مانسہرہ کے بحالی جیسے دورافتادہ علاقے میںیہ سنٹر جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو آن لائن سسٹم کے ذریعے کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہے۔ اگر مریض کو اس ٹیلی میڈیسن سنٹر تک پہنچایا جائے تو پشاور یا کسی بھی جگہ پرقائم کنٹرول روم میں بیٹھے ماہر ڈاکٹرز اس مریض کو اسپیشلائز ڈ ٹریٹمنٹ فراہم کرسکتے ہیں۔