بریکنگ نیوز
Home / کھیل / دوسرا ون ڈے: بابراعظم کی سنچری، سری لنکا کو 220 کا ہدف

دوسرا ون ڈے: بابراعظم کی سنچری، سری لنکا کو 220 کا ہدف


ابو ظہبی: دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 220 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندارسنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا تاہم اوپنگ کے لیے آنے والے فخرزمان کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور 17 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد احمد شہزاد بھی صرف 8 رنز بناکر چلتے بنے، محمد حفیظ بھی خاطر خوا کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد  شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد بھی وکٹ پر زیادہ دیر کھڑے نہ رہ سکے اور 73 کے مجموعی اسکور پر دونوں کھلاڑی واپس پویلین لوٹ گئے، شعیب ملک نے 11 اور سرفراز احمد نے 5 رنز بنائے، عماد وسیم بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ٹاپ آرڈر کی مکمل ناکامی اور 100 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا دکھ رہا تھا قومی ٹیم بمشکل 50 اوورز پورے کرپائے گی لیکن پچھلے میچ میں سنچری مارنے والے بابر اعظم نے شاداب خان کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف مسلسل دوسری اور اپنے کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کی جب کہ شاداب خان نے اپے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔

بابراعظم آخری اوور میں 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حسن علی نے آتے ہی پہلی گیند پر شاندار چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ رن آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو گمیج نے 4، تھیسارا پریرا نے 2 جب کہ سرنگا لکمل اور جیفری ویندرسے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، عماد وسیم، حسن علی، شاداب خان، رومان رئیس اور جنید خان پر مشتمل ہے جب کہ آئی لینڈرز کی ٹیم میں نروشن ڈکویلا، کپتان اپل تھرنگا، دنیش چندیمل، لاہیرو تھریمانے، کوشل مینڈس، ملندا سری وردنے، تھیسارا پریرا، آکیلا دھنن جیا، جیفری ویندرسے، سرنگا لکمل اور لاہیرو گمیج شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے ناکامی کے بعد پاکستانی ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں۔