بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / رپیڈ بس منصوبہ کے دوران ٹریفک روانی کیلئے پلان تشکیل

رپیڈ بس منصوبہ کے دوران ٹریفک روانی کیلئے پلان تشکیل


پشاور۔بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ پورے شہر میں رہنمائی بورڈ لگائے جائیں گے۔ضلع ناظم محمد عاصم کی زیر صدارت اجلاس ضلع نائب ناظم سید قاسم علی شاہ ٗ سیکرٹری آر ٹی اے ندیم اختر ٗ ریاض احمد ایس پی ہیڈ کوارٹر ٹریفک ٗ رفیع اللہ اے ڈی بی آر ٹی ٗ آمین الدین ڈائریکٹر بی آر ٹی ٗ ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ ٗ ناظم ٹاؤن ون زاہد ندیم ٗ ناظم ٹاؤن تھری ارباب محمد علی اور دیگر نے شرکت کی۔ منصوبے کے آغاز میں سنٹر میڈیا پر کام شروع کیا جائے گا اور روڈ کے دونوں طرف ٹریفک کے لئے کھلی رکھی جائیں گی‘ سنٹرل رش کی صورت میں متبادل روڈز پر ٹریفک موڑ دی جائیگی۔

اس کے علاوہ اندرون شہر اور کینٹ کے لئے الگ اور جی ٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ کے لئے الگ الگ پلان تشکیل دے دیا گیا جس کے تحت شعبہ چوک ٗ ایف سی چوک اور دیگر اہم چوراہوں کو بند نہیں کیا جائے گا اس کے علاوہ منصوبے دوران یونیورسٹی روڈ کو استعمال کرنے کے لئے شامی روڈ اور پجگی روڈ کو ون وے کیا جائے گا ‘رہنمائی بورڈ لگائے جائیں گے جبکہ تمام چوراہوں پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جو کہ عوام کی رہنمائی کریں گے۔

منصوبے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے سیکرٹری آر ٹی اے کو نگرانی کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔ اس کے علاوہ چاروں ٹاؤنز ناظمین کو اپنے اپنے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کئے گئے۔