بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ملک میں کالعدم تنظیموں کے خلاف گھیرا تنگ

ملک میں کالعدم تنظیموں کے خلاف گھیرا تنگ


لاہور۔وفاقی حکومت نے صوبوں کو کالعدم مذہبی تنظیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے اور ان کے دفاتر، ہتھیاروں اور اثاثوں کو قبضے میں لے کر نگرانی میں رکھنے کی ہدایات جاری کردیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چیف کمشنر کو گئی ہدایات میں ان تنظیموں کی مالی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔

بتایاگیا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر داخلہ احسن اقبال کے سینیٹ میں دیئے گئے موقف کے بعد سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئے نام سے کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں اور ان پر نظر رکھیں۔یاد رہے کہ وفاق کی جانب سے حال ہی میں دی جانے والی ہدایات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت جاری کی گئیں۔صوبائی حکومتوں کو کالعدم تنظیموں کی تحریروں، پوسٹرز، بینرز اور تمام شائع شدہ مواد کو ضبط کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اس کے علاوہ صوبوں کو یہ ہدایات بھی کی گئی ہیں کہ وہ ان تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کسی بھی فرد، رکن اور رہنما کو بیرون ملک جانے کے لیے پاسپورٹ جاری نہ کریں۔صوبائی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کسی بھی فرد، رکن اور رہنما کو بینک یا کسی مالی ادارے کی جانب سے قرض یا مالی سہولت اور کریڈٹ کارڈ جاری نہ کیا جائے۔

اس کے ساتھ ہی اگر کالعدم تنظیم کے کسی رکن کو ہتھیار رکھنے کا لائسنس جاری کیا گیا تھا تو اسے منسوخ تصور کیا جائے گا جبکہ مذکورہ ہتھیار فوری طور پر مقامی تھانے میں جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔حکومت کا کہنا تھا کہ اگر وہ مذکورہ احکامات پر عمل درآمد میں ناکام ہوئے تو انہیں پاکستان آرمز آرڈیننس کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتار کیا جائے۔