بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ’پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ‘کے تاریخی منصوبے کا افتتاح

’پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ‘کے تاریخی منصوبے کا افتتاح


پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد منصوبے ’’پشاور بس ریپڈٹرانزٹ ‘‘کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ٗ 49.346ارب روپے کے اس منصوبے سے 29ارب انفراسٹرکچر پر خرچ ہونگے7ارب878کروڑ سے 300بسیں خریدی جائیں گی ٗ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو چیلنج قرار دیتے ہوئے 6ماہ میں اس کی تکمیل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے اور واضح کیا کہ قوم کے ساتھ جس تبدیلی کا وعدہ کیاگیا تھا وہ تبدیلی آچکی ہے ۔

وہ جمعرات کے روزپشاور چمکنی میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ٹرانسپورٹ کے معاون خصوصی شاہ محمد وزیر ٗصوبائی وزراء جمشید الدین کاکاخیل ٗاشتیاق ارمڑ ٗ عارف یوسف ٗ خلیق الزمان ٗ شوکت یوسفزئی ٗ چیف سیکرٹری اعظم خان اورسیکرٹری خزانہ شکیل قادربھی موجودتھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس منصوبے کا کرنے جا رہے ہیں یہ راتوں رات ممکن نہیں ہوا بلکہ چار سالوں سے اس کے لئے محنت کرنا پڑی ٗ پشاور کو صاف ستھرا بنانے اور بہترین سفری نظام فراہم کرنے کا وعدہ کیاتھا جو ہم آج پورا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے چمکنی ٗڈبگری اور حیات آباد میں کمرشل پلازے بھی بنارہے ہیں جن سے حاصل آمدنی سے اس کے اخراجات پورے ہونگے جبکہ وہاں گاڑیوں کی پارکنگ بھی کی جاسکے گی انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ارب سے زائد معاوضوں کی ادائیگی کے لیے رکھے ہیں جن سے ان ٹرانسپورٹروں کو بھی ادائیگی کی جائے گی جن کو بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے جبکہ جن کی دکانیں خراب ہونگی ۔

انھیں بھی معاوضہ بھی دیاجائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر اخراجات کی رقم بھی جبکہ ہم اس منصوبے کے لیے ایک روپیہ بھی سبسڈی کی مد میں نہیں دینگے حالانکہ پنجاب 2سے3ارب روپے سبسڈی کی مد میں دے رہاہے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے ساتھ نیا بس اڈہ اور گریٹرپشاور ٹرین کے منصوبوں پر بھی جلد کام شروع کیاجائیگا ،گریٹرٹرین منصوبے کے ذریعے پشاور،نوشہرہ ،مردان اور چارسدہ، پشاور کے ساتھ جڑجائیں گے جسے بعد میں صوابی اور ملاکنڈ تک توسیع دی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہم سے پوچھاجاتاہے کہ پشاور پر یہ نوازش کیوں؟

تو اس کا جواب ہے کہ پشاور نے تحریک انصاف کو سوفیصد نتائج دیئے تو ہم پشاور کے لیے کام کرکے کیوں نہیں دکھائیں گے ،اورہم نے اس پشاور کو حقیقی معنوں میں پھولوں کا شہر بھی بناکردکھایاجو قصوں اور داستانوں تک ہی پھولوں کا شہر مشہور تھا۔انہوں نے کہاکہ چوک یادگار سے تحصیل گورگٹھڑی تک ہیرٹیج ٹریک بھی بنایاجارہاہے انہوں نے کہا کہ پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ سسٹم صوبائی دارلحکومت میں ٹریفک اژدھام پر قابو پانے کے علاوہ پشاور کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری میں چار چاند لگائے گا۔

یہ خیبرپختونخوا میں شروع کئے گئے سرمایہ کاری کے اہم منصوبوں میں شامل ہے یہ منصوبہ شہر کی خوشحالی اور خطے کی اقتصادی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور پشاور کے بارے میں دُنیا کے تاثرات کو بھی بدل کر رکھ دے گاانہوں نے یقین دلایا کہ اس شاہکار منصوبے کی بدولت ٹرانسپورٹرز سے لے کر ڈرائیورز اور کنڈیکٹرزتک کوئی بیروزگار نہیں ہو گاکیونکہ بس ریپیڈ کی منصوبہ بندی نہ صرف تمام شہریوں بلکہ ضروریات کے مطابق کی گئی ہے اور اس کی ہم صوبائی حکومت کی جانب سے گارنٹی دیتے ہیں۔