بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں بھی شکست دے دی

پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں بھی شکست دے دی


شارجہ: پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل کرلی۔

شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ  میں سری لنکا کی پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 39ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

قومی ٹیم کی جانب فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے امام صرف 2 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم نے فخرزمان کا ساتھ دیا لیکن فخر بھی متاثر کن کارکردی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 17 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد حفیظ بھی 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

بابر اعظم اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلیے 119 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑی 69،69 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز ڈک ویلا اور اپل تھرنگا نے کیا، دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 2 رنز کے مجموعی اسکور پر اپل تھرنگا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد ڈک ویلا بھی 30 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد دنیش چندیمل نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم وہ رن لینے کی کوشش میں سرفراز کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جب کہ نئے آنے والے بیٹسمن سماراوکراما ڈک پر ہی وکٹ گنوا بیٹھے۔سری لنکا کی پانچویں وکٹ اس وقت گری جب حسن علی کی گیند پر سری وردانے عثمان خان کو کیچ دے بیٹھے۔

View image on Twitter

کچھ ہی دیر بعد پرسانا شاداب کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ تھسارا پریرا بھی صفر پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے،سری لنکا کی جانب سے تھرمانے کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا انہوں نے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے اور عماد وسیم کا شکار ہوئے جب کہ لکمل 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 ، عماد وسیم اور شاداب خان نے 2 ،2 جب کہ جنید خان اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔