بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیر اعلیٰ نے اپر سوات کو ضلع بنانے کی نوید سنا دی

وزیر اعلیٰ نے اپر سوات کو ضلع بنانے کی نوید سنا دی


سوات ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے سے لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ کر دیا ہے ، سکولوں اور ہسپتالوں کا نظام ٹریک پر ڈال دیا گیا ہے ، پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کردیا ہے ، اے این پی نے اپنے دورحکومت میں کرپشن کا ریکارڈ قائم کیا ، پی ٹی آئی حکومت نے جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنایا ، رشوت اور سفارش کلچر کو ختم کر دیا گیا ہے ، سوات کے بالائی علاقوں کو خوبصورت بنایا جائے گا فنڈز ریلیز کئے جا رہے ہیں ۔

کالام بیوٹیفکیشن پراجیکٹ پر ایک ارب 23 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے کام جاری ہے ، ہم 350 ہائیڈل پاور جنریشن پلانٹ بنانے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں ، سوات میں 22 سمال پاور جنریشن بن چکے ہیں ، نواز شریف کو ان کے کئے کی سزا مل رہی ہے ملک چند لٹیروں کیلئے نہیں بنایا گیا ، ہم نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا کر دیا ہے پختونخوا میں حقیقی تبدیلی آج سب کے سامنے ہے سوات کو جلد ضلع بنانے کا اعلان بھی کرونگا وہ گزشتہ روز مدین میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کا اہم خاندان اور سابق صوبائی وزیر میاں انور علی اور ان کے صاحبزادے میاں شرافت علی نے سیکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جلسہ سے صوبائی وزیر کھیل و ثقافت محمود خان ، ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمن ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انٹی کرپشن ایم پی اے ڈاکٹر حیدر علی خان ، پی ٹی آئی کے ضلعی سینئر نائب صدر سعید خان ، میاں انور علی اور میاں شرافت علی نے بھی خطاب کیا ۔

مقررین نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کر دی ہے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کو تعینات کرکے سہولیات فراہم کئے ہیں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے سکولوں میں انگریزی نظام تعلیم رائج کرکے امیر و غریب کو یکساں نصاب تعلیم فراہم کیا ہے محکمہ پولیس سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا ہے پولیس اور تھانے با اختیار ہیں تھانوں میں رشوت ، تشدد اور امیر و غریب کے مابین فرق ختم کرکے انصاف کا بول بالا کر دیا ہے یہی اصل تبدیلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ارب 16 کروڑ پودے لگا کر صوبے کو سرسبز و شاداب بنایا گیا ہے ‘سوات میں 22 چھوٹے ڈیم مکمل ہوئے ہیں سستی بجلی فراہم ہو رہی ہے جس کی قیمت 4 روپے فی یونٹ ہے اور انشاء اللہ 600 مزید بنائیں گے 100 میگا واٹ بجلی عوام کو فراہم ہو گی انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام نے بے تحاشہ تکالیف برداشت کئے ہیں اپر سوات کے عوام اگر ہمارا ساتھ دینے کا وعدہ کریں تو اپر سوات کو ضلع بنانے کا اعلان کرتاہوں جس کا عمران خان کی موجودگی میں نوٹیفکیشن ساتھ لاؤنگا اپر سوات کیلئے یونیورسٹی کیمپس کی منظوری ہو چکی ہے اراضی کا بندوبست کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کبھی بھی جھوٹے اعلانات نہیں کئے جتنے بھی وعدے کئے ہیں ان کوپورے کرکے دکھاؤنگا فتح پور کیلئے واٹر سپلائی سکیم اتروڑ کمراٹ روڈ کیلئے اعلان کرتا ہوں ‘انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس کے ذریعے 45 ہزار اساتذہ بھرتی کئے جنہیں دو ماہ کے اندر مستقل کیاجائے گا ۔