بریکنگ نیوز
Home / کھیل / لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کے لئے وزارت داخلہ نے سکیورٹی کلیئرنس دیدی

لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کے لئے وزارت داخلہ نے سکیورٹی کلیئرنس دیدی


لاہور۔لاہور میں سری لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی میچ کے لیے وزارت داخلہ نے سکیورٹی کلیئرنس دیدی۔وزارت داخلہ کی جانب سے پی سی بی سمیت تمام متعلقہ محکموں کو جاری کیے جانے والے خط میں لاہور میں 29اکتوبر کو شیڈول ٹی ٹونٹی میچ کے انعقاد کیلئے گرین سگنل دیتے ہوئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے تاہم معلوم ہوا ہے کہ میچ کو براہ راست نشر کرنے کیلئے آنے والے 17 بھارتی براڈ کاسٹرز کی سکیورٹی کلیئرنس کیلئے بھی گرین سگنل دیا جا چکا جبکہ اس حوالے سے این اوسی کل پیر جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کمشنر لاہور ڈویڑن عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، سری لنکن ٹیم کو لاہور میں صدر مملکت کے برابر پروٹوکول دیا جائے گا،ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے پاک فوج اور رینجرز سے مدد لی جائے گی۔آئی جی پنجاب عارف نواز نے دیگر اضلاع سے افسروں و اہلکاروں کو لاہور رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کردیے۔6 ڈی پی اوز، 30ڈی ایس پیز،الیٹ فورس کی 100ٹیمیں بشمول 6ریزروز اسنائپرز، 50پی سی ریزروز اور 150ریزروز پولیس اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

تمام افسران و اہلکاروں کو27اکتوبر تک لاہور پولیس لائن رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔تماشائیوں کو 38 اسپیڈوبس اور30کوسٹرز پر مشتمل شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں 20 اور نجی ہوٹل میں 8 بستروں پر مشتمل عارضی اسپتال 27 اکتوبر کو فعال کردیے جائیں گے، اسٹیڈیم میں سیاسی نعرے بازی پر پابندی ہوگی۔