بریکنگ نیوز
Home / کھیل / عثمان شنواری کی 5 وکٹیں، سری لنکا 103 رنز پر ڈھیر

عثمان شنواری کی 5 وکٹیں، سری لنکا 103 رنز پر ڈھیر


شارجہ: عثمان خان شنواری کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب سری لنکن ٹیم پاکستان کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ میں 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی تباہ کن ثابت ہوا۔

کیریئر کا دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اپنی ابتدائی 21 گیندوں پر پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

سری لنکن اوپنر سدیرا سماراوکراما کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
سری لنکن اوپنر سدیرا سماراوکراما کے باؤلڈ ہونے کا منظر

نوجوان فاسٹ باؤلر نے پہلے ہی اوور میں سدیرا سماراوکراما اور دنیش چندیمل کو آؤٹ کر کے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کر دیے۔انہوں نے بہترین باؤلنگ جاری رکھتے ہوئے اگلے اوور میں اپل تھارنگا اور نروشن ڈکویلا کو آؤٹ کیا تو سری لنکن ٹیم آٹھ رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اسکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ عثمان نے اپنے اسپیل کی 21ویں گیند پر ملندا سری وردنا کو فخر زمان کو کیچ کرا کر کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

20 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد لہیرو تھری مانے اور سکیگو پرسنا نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کیلئے روک دیا تاہم 49 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے لہیرو تھریمانے کو پویلین کی راہ دکھائی۔

63 کے مجموعے پر مشکلات سے دوچار ٹیم نے غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں ساتویں وکٹ گنوائی۔

تھسارا پریرا نے چند بڑے شاٹس کھیل کر اسکور کو 85 تک پہنچایا بعدازاں 85 رنز کے مجموعی اسکور پر شاداب نے پریرا اور ویندرسے کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو آٹھواں اور نواں نقصان پہنچایا۔

چمیرا نے جیسے تیسے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 103 کے مجموعے پر حسن علی نے انہیں آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔اس سے قبل آخری ون ڈے کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا جبکہ سری لنکن ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔

قومی ٹیم کے پاس پہلی مرتبہ سری لنکا کے خلاف پانچ صفر سے کلین سوئپ کرنے کا موقع ہے، جو اس سے قبل 4 ون ڈے میچوں میں سری لنکا کو شکست سے دوچار کرچکی ہے۔میچ کے آغاز پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 0-5 سے سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔جبکہ سری لنکن کپتان اپل تھرانگا کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ ہے، لہذا بڑا اسکور بنانا ہوگا۔