بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل معطل کرنے کا اعلان

افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل معطل کرنے کا اعلان


پشاور۔اقوام متحدہ کے ادارے برائے پناہ گزین یو این ایچ سی آر نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل یکم دسمبر سے معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل یکم دسمبر تا 28 فروری 2018 معطل رہے گا اور اس دوران وطن واپسی اختیار کرنے والے پناہ گزینوں کے ساتھ مقررہ امداد نہیں کی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اضاخیل اور کوئٹہ میں یو این ایچ سی آر کے دفاتر کھلے رکھے جائیں گے تاہم ان تین ماہ کے دوران پناہ گزینوں کو صرف مشورے اور معلومات ہی دی جائیں گی۔بیان میں یہ وضاحت بھی کی گئی کہ اضاخیل سنٹر سے نومبر میں جن کی واپسی طے ہے انہی پناہ گزینوں کو افغانستان بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی موسم سرما میں افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل تین ماہ کیلئے موخر کیا گیا تھا۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق سرما میں واپس جانے والے مہاجرین کو افغانستان میں سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔