بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف وطن پہنچ گئے ٗ کل احتساب عدالت میں پیشی

نواز شریف وطن پہنچ گئے ٗ کل احتساب عدالت میں پیشی


اسلام آباد۔مسلم لیگ ن کے سربراہ و سابق وزیر اعظم نواز شریف پانامہ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لئے برطانیہ سے وطن واپس پہنچ گئے،نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدرکل جمعہ کو تین نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہونگے ،نیب راولپنڈی کی ٹیم نے پنجاب ہاؤس میں نواز شریف سے عدالتی سمن کی تعمیل کروائی اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط لئے ، اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر راول لاؤنج میں پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کا استقبال کیا ۔

پنجاب ہاؤس میں نواز شریف نے پارٹی اور قانونی مشیروں سے تفصیلی مشاورت کی ۔جمعرات کو مسلم لیگ ن کے سربراہ و سابق وزیر اعظم نواز شریف برطانیہ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے786 کے ذریعے وطن واپس پہنچے ،بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سابق وزیر اعظم کے استقبال کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق ، خواجہ سعد رفیق ، انجینئر امیرمقام ، ڈاکٹر آصف کرمانی،طارق فضل چوہدری ، سینیٹر چوہدری تنویر احمد سمیت دیگر رہنما اور کارکنان موجود تھے ،سابق وزیر اعظم کاراول لاؤنج میں استقبال کیا گیا ۔

اس موقع پر نواز شریف نے استقبال کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں سے مختصر بات چیت کی ، امیگریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم انتہائی سخت سکیورٹی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ایئر پورٹ سے پنجاب ہاؤس کیلئے روانہ ہوئے ، سکیورٹی وجوہات کے باعث کارکنوں کو ایئر پورٹ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی تا ہم اس کے باوجود کچھ کارکنان علی الصبح ایئر پورٹ پہنچنے میں کامیاب ہوئے ۔

پنجاب ہاؤس پہنچنے پر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے مختصر اجلاس کے دوران اہم امور پر مشاورت کی جبکہ پانامہ کیس میں عدالت میں پیش ہونے اور لگائے گئے الزامات کا دفاع کرنے سے متعلق قانونی مشیروں سے بھی تفصیلی بات چیت کی ،نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر آج جمعہ کو تین نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہونگے ،دوسری جانب نیب راوالپنڈی کی ٹیم نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پانامہ کیس میں احتساب عدالت کی طرف سے جاری سمن کی تعمیل کیلئے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس سے جہاز کے رن وے تک جانے کی اجازت طلب کی تھی تا ہم ایئر پورٹ انتظامیہ کی طرف سے نیب ٹیم کو رن وے تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے باعث نیب کی ٹیم ایئر پورٹ پر عدالتی سمن کی تعمیل نہیں کروا سکی جب نواز شریف پنجاب ہاؤس پہنچے تو نیب راولپنڈی کی ٹیم نے پنجاب ہاؤس میں عدالتی سمن کی تعمیل کروائی اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط بھی لئے ۔

سابق وزیر اعظم کی طرف سے نیب کی ٹیم کو عدالتی سمن کی تعمیل کے دوران یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ آج جمعہ کو ہر حال میں عدالت میں پیش ہونگے جس کے بعد نیب ٹیم پنجاب ہاؤس سے واپس چلی گئی ، واضح رہے کہ احتساب عدالت کی طرف نواز شریف کی عدم حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے ۔