بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وفاق سے بھیک نہیں اپنا حق چاہیے ٗ پرویز خٹک

وفاق سے بھیک نہیں اپنا حق چاہیے ٗ پرویز خٹک


نوشہرہ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہمارے صوبے کا حق نہیں دے رہی اور چھتیس ارب روپے وفاق نے ہمارے صوبے کے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں وزیر اعظم سے بھی بات ہوچکی ہے اور مشترکہ مفادا ت کونسل میں بھی میں بھی اس بات کواٹھایا ہے اور ہر سال اس میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوتا جارہا ہے۔کوشش کروں گا کہ وفاق سے بات کرکے یہ رقم ہمیں ملے۔ہم کسی سے بھیک نہیں مانگ رہے یہ ہمارا حق ہیاگر ہمیں ہمارا حق نہیں دیا گیا تومیں مجبور ہوکر وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے دھرنا دوں گا اور اپنے صوبے کا حق لے کر رہوں گا۔

حکمران پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں مگر ملک قرضے لے کر چلایا جارہا ہے۔نااہل حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار پاکستان کی ترقی میں بنیادی رکاوٹ ہے۔لالچ کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ۔ تمام ادارے تباہ کرکے اور قومی سلامتی کو داؤ پر لگا کر بھی کرپٹ عناصر کی تسلی نہیں ہوئی۔ نااہل وزیراعظم نواز شریف پوچھتے ہیں کہ اُنہیں کیوں نکالا گیا ۔حیرت ہے کہ اُنہیں ابھی تک سمجھ نہیں آئی کہ کھربوں کی لوٹ مار کرنے کی وجہ سے نکالے گئے ہیں۔

دو فلیٹس نواز شریف کا ناشتہ بھی نہیں ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتاہے کہ آصف علی زرداری بھی بلند وبانگ دعوے کررہے ہیں اورکس منہ سے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ عوام فصلی بٹیروں، سپیروں اورمفاد پرستوں کو پہچان چکے ہیں۔اب اپنا مستقبل داؤ پر نہیں لگائیں گے ۔اس ملک کواب ایماندار قیادت کی ضرورت ہے کیونکہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ایماندار قیادت عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے ۔

2018 کے عام انتخابات میں چاروں صوبوں اور وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی اورعمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ عوام فیصلہ دے چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع نوشہرہ میں ہوائی، گل ڈھیری ، دورڑان، منائی، تارخیل، سرور خیل، خوشحال خان خٹک مزار روڈ اور کلے کنڈاؤ کو باہم منسلک اور مربوط کرنے والی سڑکوں اوردیگر مکمل شدہ ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقاریب اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا شاندار استقبال کیاگیا۔ جلسے سے ضلع ناظم لیاقت خٹک ، ایم این اے عمران خٹک، صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم پی اے ادریس خٹک، عاطف خٹک، ریاض علی ، لعل سید ابک خیل ، شمس الرحمن نے بھی خطاب کیا۔پرویز خان خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں نظام کی اصلاح کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے تاکہ شہروں کی طرف ہجرت کے رجحان کو کم کرتے ہوئے شہری آبادی پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

یہ واحد حکومت ہے جو صوبہ بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی پر کاربند ہے۔نسلی ،لسانی اور علاقائی امتیاز اور سیاسی اختلافات کو ترقیاتی حکمت عملی میں رکاوٹ بننے نہیں دیا۔ دستیاب وسائل کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق شفاف طریقے سے بروئے کار لایا جار ہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری چار سالہ خدمات کے نتیجے تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔آئندہ انتخابات میں کوئی سیاسی جماعت بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر پائے گی ۔