بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / چیئرمین نیب کا کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنیکا اعلان

چیئرمین نیب کا کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنیکا اعلان


اسلام آباد۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر ان کی اہلیہ عاصمہ ارباب اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے خلاف جاری تحقیقات جلد مکمل کی جائیں‘ کرپٹ عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا‘ کرپشن کیخلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر اربارب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ ارباب کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے‘ گوادر میں زمینوں کی مبینہ طور پر غیر قانونی الاٹمنٹ اور بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر جلد تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور ان تحقیقات کو قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ میری اولین ترجیح ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہے جس کے لئے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔