بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / بھارت اڑی حملے کا الزام پاکستان پر لگانے کے بجائے مسئلہ کشمیرکے حل پر توجہ دے،اعزاز چوہدری

بھارت اڑی حملے کا الزام پاکستان پر لگانے کے بجائے مسئلہ کشمیرکے حل پر توجہ دے،اعزاز چوہدری


نیویارک۔سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اڑی حملے کا الزام پاکستان پر لگانے کے بجائے مسئلہ کشمیرکے حل پر توجہ دے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کا ردعمل سامنے آتا رہے گا،کشمیری اور پاکستانی عوام کی آواز عالمی فورم پر اٹھانا ہماری حکومت کی ذمے داری ہے۔نیو یارک میں پریس کانفرنس کے دوران سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا ردعمل سامنے آتا رہے گا۔

جب کہ بھارت کو کشمیری عوام کی آواز سننے کی ضرورت ہے لہذا بھارت پاکستان پر الزام لگانے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر توجہ دے، بھارت کے دھمکی آمیزبیانات سے علاقائی امن کوخطرات لاحق ہیں لہذا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر صورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے جب کہ امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کے کشمیر پررابطہ گروپ کا اہم اجلاس ہوا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے مسلم دنیا کو کشمیر کے ایشو پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جب کہ کشمیری عوام کی آوازبین الاقوامی برادری تک پہنچانا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

اعزازچودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں جان کیری نیانسداددہشت گردی کیلئے پاکستانی کوششوں کوتسلیم کیا جب کہ وزیراعظم نے جان کیری کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا بلکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی برطانوی ہم منصب سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی جب کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر بات کی گئی ہے۔